لاہور: پنجاب میں فالکن کے غیر قانونی شکار کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کی قیادت میں جاری آپریشن میں صوبہ کی تمام فیلڈ فورسز ہائی الرٹ ہیں اور فیلڈ کی موثر اندا ز میں مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہےجس کے نتیجے میں سپیشل وائلڈ لائف سکواڈ پنجاب نے سرگودھا ریجن میں رات تین بڑی کارروائیوں کے دوران نور پور تھل کے مقام پر فالکن کے غیر قانونی شکا ر میں مصروف تین پارٹیوں کے 08 شکاریوں کو گرفتار کر کے آلات شکار اپنی تحویل میں لے لئے۔
سپیشل وائلڈ لائف اسکواڈ پنجاب نے تحصیل نور پور ضلع خوشاب میں تین مختلف بر وقت اور کامیاب کارروائیوں کے دوران فالکن کے غیر قانونی شکا ر میں مشغول تین پارٹیوں میں شامل08 شکاریوں کو گرفتا ر کرکے ان کے قبضہ سے آلات شکار دوگزے جال،پھندے ،بیت برڈزکیسٹرل اور بٹیرز وغیرہ برآمد کر لئے اور تمام ملزمان کا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک نے فالکن کے غیر قانونی شکار میں ملوث ذمہ دار افسران و ملازمین کیخلاف کارروائی کرنےکا ا علان کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان غیر قانونی اور نا جائز کارروائیوں میں ملوث افسران و ملازمین کےخلاف انکوائری کی جائےگی اورذمہ دار افسران و ملازمین کی نشاندہی کے بعد کیس محکمہ انٹی کرپشن کو بھیجا جائےگا۔
انہوں نے افسران کو فیلڈ میں موثر نگرانی کرنےکی ہدایت دی اور کہا کہ فالکن کا شکار کرنے والے ہر صورت گرفت میں لئے جائیں گے اور سرگودھا ڈویژن سمیت پنجاب بھر میں فالکن کے شکار پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔