کراچی : سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت دور تک نظر نہیں آرہی غربت کے ستائے خودکشیاں کررہے ہیں، مہنگائی وبے روزگاری عروج پر بجلی غائب گیس غائب غریب بھوک و افلاس سے پریشان اپنی فریاد کس کو سنائیں، الیکشن میں سیاسی جماعتوں کے منشور صرف دکھاوا ہیں اس پر 10 فیصد بھی عمل نہیں ہوتا .
ماضی کی حکومتوں کی مثالیں جھوٹے دعوئے اور وعدے عوام کو یاد ہیں، بجلی گیس پانی،اچھی سڑکیں سیوریج کا بہتر نظام فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اس بنیاد پر سیاسی جماعتوں کا عوام سے ووٹ مانگنا سمجھ سے بالاتر ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کے منافی عمل ہے،عوام ووٹ نظریہ کی بنیاد پر دیں تاکہ ملک میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے،بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے حکومت یا ریاست آئین پر عمل پیرا ہونا چاہیے .
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں کیا،شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کو مضبوط ومستحکم بنانے کیلئے کردار ادا کرتے رہینگے،الیکشن کے شفاف نتائج چاہتے ہیں دھندلائے ہوئے نتائج کو عوام قبول نہیں کرینگے،الیکشن کمیشن،نگراں حکومت الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے ایسا نظام متعارف کرائے جو سب کو قابل قبول ہو .
الیکشن قوانین پر من وعن عمل درآمد کے ذریعے ہی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، 8 فروری کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ایسے اُمیدواروں کا چناؤ کریں جو ملک وقوم کی خدمت اور اور دنیا کے نقشے پر پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست کا پرچم بلند کرئے،انہوں نے کہا کہ بدامنی پھیلانے والوں کے خلاف قانون کی گرفت کو یقینی بنایا جائے، کراچی میں بھتہ مافیا پھر سر اٹھا رہا ہے اس کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں اور تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔