خان پور: اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان کے مرکزی صدر حافظ محمد عامر صدیقی نے یونان کشتی حادثے میں درجنوں پاکستانیوں کی اندوہناک ہلاکت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جامعہ محمدیہ مرکز اہلحدیث خان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہتر مستقبل اور یورپ جانے کا خواب دیکھنے والے نوجوان اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
انہوں نے کہا، "پاکستان میں محنت مزدوری کریں، روکھی سوکھی کھا لیں، لیکن ایسی خودکشی نہ کریں جس سے نہ صرف آپ کی جان جائے بلکہ آپ کے والدین بھی برباد ہو جائیں۔ جو نصیب میں ہے وہ یہیں بھی مل سکتا ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین کی جمع پونجی برباد نہ کریں، نہ ہی اپنے زرخیز کھیتوں کو فروخت کرکے موت کا سودا کریں۔”
حافظ عامر صدیقی نے انسانی اسمگلرز کو ان واقعات کا اصل ذمہ دار قرار دیتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا، "یہ انسانی سمگلرز نوجوانوں کو سنہرے خواب دکھا کر انہیں موت کی وادی میں دھکیل رہے ہیں۔ چند روپوں کے خاطر یہ لوگ نہ صرف والدین کو بے سہارا کر رہے ہیں بلکہ ان کے مستقبل سے بھی کھیل رہے ہیں۔”
انہوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ ان گھناؤنے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مزید نوجوان ان کے جال میں نہ پھنس سکیں۔ حافظ عامر صدیقی نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو یورپ کے دھوکے سے بچائیں اور انہیں یہ باور کرائیں کہ محنت و مشقت سے یہاں بھی عزت اور روزگار کمایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یونان جیسے حادثات نوجوانوں کے لیے سبق ہیں، اور والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی جمع پونجی ان کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں صرف کریں، نہ کہ ان کے خوابوں کے پیچھے موت خریدیں۔