مدارس رجسٹریشن بل کا فوری نفاذ اور تحفظ مدارس پر زور
وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس، عوامی رابطہ مہم کا اعلان
تمام مکاتب فکر کا اتحاد، مدارس کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق
اسلام آباد: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مفتی محمد تقی عثمانی نے کی جبکہ مولانا فضل الرحمن بطور خاص شریک ہوئے۔ اجلاس میں مدارس کے تحفظ، رجسٹریشن بل کے فوری نفاذ اور دینی مدارس کی حریت و آزادی کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ مدارس رجسٹریشن بل کو قانون کا درجہ دیے جانے کے باوجود اس کے گزٹ نوٹیفکیشن میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تمام قانونی و انتظامی معاملات فی الفور حل کیے جائیں۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عوام الناس کو مدارس کے مسائل اور اتحاد تنظیمات مدارس کے موقف سے آگاہ کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ جمعہ کے خطبات، ختم بخاری تقریبات اور مدارس کے سالانہ پروگراموں میں عوام کو اس معاملے پر متحرک کیا جائے گا۔ مجلس عاملہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دینی مدارس کی خود مختاری کسی صورت متاثر نہیں ہونے دی جائے گی اور کسی بھی بیرونی مداخلت یا ڈکٹیشن کو مسترد کیا جائے گا۔
تمام مکاتب فکر کا اتحاد اور مشترکہ لائحہ عمل
مجلس عاملہ کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مدارس کے تمام حقیقی بورڈز اور تنظیمیں ایک پیج پر ہیں۔ اگر مدارس کے اصولی موقف کو تسلیم نہ کیا گیا تو تمام مکاتب فکر کے علماء باہمی مشاورت سے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ اجلاس میں اتحاد تنظیمات مدارس کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کو پارلیمنٹ میں مدارس کے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تعلیمی اور امتحانی امور پر اطمینان
وفاق المدارس کی مجلس عاملہ نے سالانہ امتحانات اور تعلیمی امور کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ برسوں کی نسبت اس سال طلباء و طالبات کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو مدارس پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔
شرکاء اجلاس
اجلاس میں وفاق المدارس کے دیگر اہم اراکین نے بھی شرکت کی، جن میں جامعہ امدادیہ فیصل آباد سے مفتی محمد طیب، جامعہ بیت السلام کے مدیر مولانا عبدالستار، وفاق المدارس سندھ کے ناظم مولانا امداد اللہ یوسفزئی، ناظم کے پی کے مولانا حسین احمد، جنوبی پنجاب کے ناظم مولانا زبیر صدیقی، بلوچستان کے ناظم مولانا صلاح الدین، گلگت بلتستان سے مولانا قاضی نثار، مولانا یوسف خان اور دیگر شامل تھے۔
اجلاس کے اختتام پر وفاق المدارس کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا عبد القدوس محمدی اور مولانا طلحہ رحمانی نے کہا کہ مدارس کے مسائل کے حل اور تحفظ کے لیے تمام اقدامات جاری رہیں گے اور عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنایا جائے گا۔