کراچی : ایمپائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی ) میں 248 کامیاب امیدواروں کو تقرر نامے جاری کر دیئے گئے ہیں اور 6 جولائی کو ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ کامیاب امیدواروں کے مرجھائے ہوئے چہروں پر مسرت کی لہر دوڑ گئی ۔
وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل، حکومت پاکستان کے ذیلی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن(EOBI) نے لاہور یونیورسٹی آف منجمنٹ سائنسز (LUMS) کے زیر اہتمام تحریری ٹیسٹ اور انٹرویوز میں کامیابی حاصل کرنے والے 248 امیدواروں کو تقرر نامے جاری کردیئے ہیں اور انہیں 6 جولائی کو ہیڈ آفس کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سلسلہ میں ای او بی آئی کے امور پر گہری نظر رکھنے والے ادارہ کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ، پاکستان اسرار ایوبی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ای او بی آئی کے پچھلے چیئرمین فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خاقان مرتضیٰ نے ادارہ میں افرادی قوت کی شدید قلت پر قابو پانے کے لئے بورڈ آف ٹرسٹیز کی منظوری سے مختلف کیڈرز کی خالی اسامیوں کے لئے 250 افسران کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا تھا ۔
جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر لاء کیڈر ایک، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی کیڈر 2، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز کیڈر 108، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفس کیڈر 13، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس، اکاؤنٹس، آڈٹ اور انوسٹمنٹ 56، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء کیڈر 8، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی کیڈر 21، ایگزیکٹیو افسر آپریشنز کیڈر 37 اور ایگزیکٹیو افسر آفس کیڈر کی 4 اسامیاں شامل تھیں۔

امیدواروں کے لئے تحریری ٹیسٹ کی فیس 2,500روپے مقرر کی گئی تھی اور 21 جولائی سے 5 اگست 2024 تک درخواستیں وصول کی گئی تھیں۔ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت اور میرٹ برقرار رکھنے کے لئے لاہور یونیورسٹی آف منجمنٹ سائنسز (LUMS) کے زیر اہتمام 21 اور اور 22 اگست 2024 کو ملک کے پانچ بڑے شہروں کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں امیدواروں کےتحریری ٹیسٹ منعقد ہوئے تھے۔جس کے لئے 6,819 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں اور 5,676 امیدواروں نے تحریری ٹیسٹ میں شرکت کی تھی اس تحریری ٹیسٹ میں کل 1,316 امیدوار کامیاب ہوئے تھے ۔
ای او بی آئی میں 250 نئے افسران کی بھرتیوں کے عمل کے تمام مراحل خوش اسلوبی سے مکمل ہونے کے بعد ای او بی آئی ڈپارٹمنٹل سلیکشن کمیٹی نے 17 اور 18 جون کو اسلام آباد میں اپنے دو روزہ اجلاس کے دوران کامیاب امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دی اور اپنی سفارشات چیئرمین ای او بی آئی کو پیش کر دی تھیں ۔
بعد ازاں ای او بی آئی کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید احمد شیخ نے کامیاب امیدواروں کو فوری طور پر تقرر نامے اور میڈیکل ٹیسٹ کے لئے میڈیکل ریفرل لیٹرز جاری کرنے کے احکامات جاری کئے اور چیئرمین کے احکامات کی تعمیل میں غلام محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈپارٹمنٹ ہیڈ آفس کراچی نے 18جون کو فردا فردا تمام کامیاب امیدواروں کو ان کے تقرر نامے ارسال کردیئے، جس میں انہیں کراچی،سکھر، لاہور، اسلام آباد اور پشاور کے مقرر شدہ اسپتالوں سے اپنا میڈیکل ٹیسٹ کرانے اور 6 جولائی کو ہیڈ آفس کراچی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جب کہ ملازمت کے تقرر نامے پانے والے امیدواروں میں 207 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز،41 ایگزیکٹیو افسر اور ایک ڈپٹی ڈائریکٹر لاء شامل ہیں اور کامیاب امیدواروں کی مکمل فہرست پیر 22 جون کو ای او بی آئی کی ویب سائٹ www.eobi.gov.pk پر آویزاں کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ ای او بی آئی کی منظور شدہ افرادی قوت 1476 ہے لیکن گزشتہ 12 برسوں کے دوران مختلف وجوہات کی بناء پر ادارہ میں خالی اسامیوں پر افسران کی بھرتیاں نہ ہونے اور بڑے پیمانے پر افسران اور اسٹاف کی ریٹائرمنٹ کے باعث سینکڑوں اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں۔جس کے نتیجہ میں ملک میں سماجی تحفظ کے ایک اہم ستون کی حیثیت کے حامل قومی فلاحی ادارہ ای او بی آئی کے اہم انتظامی اور آپریشنل امور نئے آجران اور ان کے لاکھوں ملازمین کی رجسٹریشن، ماہانہ کنٹری بیوشن اور بقایاجات کی وصولیابی اور ملک بھر کے ریجنل آفسوں میں مقررہ وقت میں بیمہ دار افراد اور ان کے لواحقین کے پنشن دعویٰ جات کی منظوری کا عمل بری طرح متاثر ہورہا ہے۔
اسرار ایوبی کے مطابق ای او بی آئی کے قیام کے 50 برس مکمل ہونے کے تاریخی موقعہ پر ادارہ کی محدود افرادی قوت میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ولولہ انگیز افسران پر مشتمل ٹیم کی شمولیت سے نجی شعبہ کے لاکھوں بیمہ دار افراد اور ان کے پسماندگان کی کفالت کے قومی فریضہ کی بجا آوری کے عمل میں اک نئی توانائی حاصل ہو گی۔ ای او بی آئی کی انتظامیہ کے اس اہم فیصلہ سے ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کامیاب امیدواروں کے مرجھائے ہوئے چہروں پر مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔



