بدھ, مئی 13, 2026

پیپلز پارٹی نے ترقی کو محض نعروں تک محدود نہیں رکھا ، کرم اللہ وقاصی

کراچی : میئر کراچی کے ترجمان اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں کو غیر معمولی رفتار کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے اور صوبائی حکومت کی متحرک حکمتِ عملی کے باعث کراچی اور دیگر شہروں میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے عملی نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مکمل طور پر متحرک اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ بڑے ترقیاتی منصوبے نہ صرف بحال کیے جا رہے ہیں بلکہ انہیں مقررہ وقت سے جلد مکمل کرنے کی ہدایات بھی دی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ترقی کو محض نعروں تک محدود نہیں رکھا بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے شہر اور دیہی سندھ دونوں میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے لیاری ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کو کراچی کی تاریخ کا ایک اہم اور انقلابی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے لیاری کے شہریوں کو جدید سہولیات، بہتر سڑکیں، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور مجموعی شہری ماحول میں نمایاں تبدیلی میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت پسے ہوئے طبقات کی بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے، جن میں ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی بحالی اور شہری سہولیات کی بہتری شامل ہے، پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کا واضح اظہار ہیں۔ پیپلز بس سروس کے نیٹ ورک میں توسیع، نئے روٹس کا آغاز اور خواتین کے لیے خصوصی ٹرانسپورٹ سہولیات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، جس سے شہریوں کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے۔

ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ سندھ حکومت کے ترقیاتی اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف شہری انفراسٹرکچر بہتر ہو رہا ہے بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں جبکہ عوامی سہولت کے منصوبے مسلسل توسیع پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا مقصد صرف تعمیر و ترقی نہیں بلکہ شہریوں کو ایک جدید، محفوظ اور سہولتوں سے بھرپور ماحول فراہم کرنا ہے۔انہوں نے جماعت اسلامی کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ منفی سیاست اور الزام تراشی سے عوامی خدمت کے سفر کو روکا نہیں جا سکتا۔ کچھ سیاسی عناصر ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کو اپنی سیاست کا حصہ بنا چکے ہیں تاہم سندھ حکومت زمینی حقائق کی بنیاد پر کام کر رہی ہے اور عوام خود ترقیاتی تبدیلی کو محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ لیاری ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ سے نہ صرف لیاری کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے کی مجموعی سماجی و معاشی صورتحال بھی بہتر ہونے کی توقع ہے۔سندھ حکومت کی موجودہ ترقیاتی رفتار اور مسلسل منصوبوں پر عملدرآمد اس بات کی علامت ہے کہ صوبائی حکومت شہری ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنا چکی ہے جبکہ کراچی سمیت پورے سندھ میں بڑے پیمانے پر بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں