کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کامرس پرائیویٹ اور آرٹس پرائیویٹ گروپس کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل ایسے امیدواروں کیلئے رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے ۔
ایسے امیدوار جنہوں نے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی سے میٹرک کے ضمنی امتحانات برائے 2025ء میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ایسے تمام امیدوار اپنے رجسٹریشن فارم بروز جمعہ 06 فروری 2026ء تک بغیر لیٹ فیس (3100روپے فیس کے ساتھ) جمع کروا سکتے ہیں۔
رجسٹریشن فارم جمع کروانے کے خواہشمند اور اہل طلباء کو ہدایات کی جاتی ہے کہ وہ رجسٹریشن فارم اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرکے مکمل طور پر بھریں اور میٹرک کی مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی منسلک کرنے کے بعد گریڈ 17 یا زائد کے سندھ حکومت کے افسر یا گورنمنٹ کالج یا اسکول کے پرنسپل یا ہیڈ ماسٹر سے تصدیق کروائیں ۔
تصدیق شدہ رجسٹریشن فارم کی فیس UBLکی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کروائیں، رجسٹریشن فارم اور جمع کردہ فیس کا واؤچر کسی بھی کوریئر سروس سے "The Secretary, Board of Intermediate Education, North Nazimabad, Karachi” کے پتے پربھیج دیں جب کہ لفافے پر جلی حروف میں ”رجسٹریشن فارم“ ضرور لکھیں۔
طلباء رجسٹریشن فارم اور جمع کردہ فیس کا واؤچر انٹربورڈ کے متعلقہ سیکشن (کمرہ نمبر 51) میں بھی جمع کرواسکتے ہیں۔ایسے امیدوار جو مقررہ تاریخوں میں رجسٹریشن فارم جمع نہیں کرواسکیں وہ 500روپے لیٹ فیس کے ساتھ 9 فروری سے 13 مارچ 2026ء تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ 16مارچ 2026ء سے اگلے احکامات تک اپنے رجسٹریشن فارم جمع کرواسکتے ہیں ۔
