جمعہ, دسمبر 13, 2024

نیب کراچی کی 128 ملین روپے مالیت کی جائیدادیں ایف بی آر کو واپس دلوانے میں کامیابی

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے کرپشن کے خلاف ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایف بی آر کو 128 ملین روپے مالیت کی جائیدادیں واپس دلانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ جائیدادیں سابق سینیئر آڈیٹر سیلز ٹیکس کراچی کی طرف سے قبضے میں لی گئی تھیں، جس پر ظاہر شدہ آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام تھا۔

نیب کراچی نے اس معاملے میں انکوائری کے بعد احتساب عدالت نمبر ون کراچی میں ریفرنس دائر کیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران، ملزم کو قصوروار ثابت ہونے پر قید، ایک کروڑ 42 لاکھ 41 ہزار روپے جرمانہ، اور جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنائی گئی۔ بعد ازاں، ملزم نے سزا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی، جسے عدالت نے خارج کر دیا۔

نیب کراچی نے تین ضبط شدہ جائیدادوں کا قبضہ حاصل کیا اور ایف بی آر کو واپس دلوانے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کے دوران ڈی جی نیب کراچی نے جائیدادوں کا قبضہ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو لارج ٹیکس پیرز آفس فیڈرل بورڈ آف ریونیو کراچی کے حوالے کیا۔

ڈی جی نیب کراچی نے تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ نیب کرپشن کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گا اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی قیادت میں نیب کراچی مفاد عامہ کی خاطر بدعنوانی کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں