Home پاکستان انسانیت کی بقا گلیشئرز کے تحفظ سے مشروط ہے – وزیراعظم محمد...

انسانیت کی بقا گلیشئرز کے تحفظ سے مشروط ہے – وزیراعظم محمد شہباز شریف

24

باکو: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلیشیئرز کے تحفظ کیلئے سنجیدہ، مربوط اور مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی بقا گلیشئرز کے تحفظ سے مشروط ہے۔ گلیشیئرز پانی کا بڑا ذریعہ ہیں، گلیشیئرز کے مزید پگھلائو کی روک تھام کیلئے مربوط کاوشیں اور علاقائی تعاون کی کلیدی اہمیت ہے، پائیدار بنیادوں پر گلیشیئرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ڈیٹا شیئرنگ اور معیاری مانیٹرنگ کیلئے ممالک کی استعداد کار کو مستحکم بنانا ہو گا، پاکستان اس ضمن میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

منگل کو یہاں تاجکستان کی میزبانی میں گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق اقدامات کیلئے اعلیٰ سطح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تاجکستان کے صدر کی جانب سے اس اہم اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہیں جس میں شریک وفود دنیا بالخصوص اس خطہ میں تیزی سے پگھلتے ہوئے گلیشیئرز کے سدباب کیلئے اپنا مؤثر حصہ ڈال رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ کے عالمی سال کے موقع پر ایک واضح پیغام جانا چاہئے کہ گلیشیئرز کی منتقلی کی بجائے اس کے پگھلائو کو کم کرنے، وائٹل ایکو سسٹم کے تحفظ اور مستقبل کیلئے پائیدار آبی وسائل کو محفوظ بنانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بڑے پیمانے پر گلیشیئرز کا گھر ہے، ان وسیع ذخائر کے نقصانات کی روک تھام ہمارے لئے ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلیشیئرز دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کیلئے لائف لائن ہیں، ان گلیشیئرز سے دنیا کو 70 فیصد تازہ پانی ملتا ہے، پاکستان میں سات ہزار سے زائد گلیشیئرز موجود ہیں جس سے دریائے سندھ کا 60 سے 80 فیصد پانی دستیاب ہوتا ہے اور پاکستان کی زراعت کا 90 فیصد پانی یہاں سے میسر آتا ہے اور 20 کروڑ عوام کی خدمت کر رہا ہے، 1960ء کے مقابلہ میں گلیشیئرز میں 23 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، اس کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے،

تیزی سے پگھلتے ہوئے ان گلیشیئرز سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں تین ہزار سے زائد جھیلیں وجود میں آ چکی ہیں، ان میں سے 33 سے سیلاب کا شدید خطرہ ہے جس سے بڑی تعداد میں زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں، یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے اور فوری کارروائی کی متقاضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”گلیشیئر 2025ء اقدام” اس بحران کی طرف عالمی توجہ مبذول کرانے کیلئے ایک منفرد کاوش ہے، گلیشیئرز کے مزید پگھلائو کی روک تھام کیلئے مربوط کاوشوں کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان لائف سورسز کو محفوظ بنانے کیلئے علاقائی تعاون کلیدی ہے اور ان ذرائع کو برف کے پگھلائو سے روکنا اشد ضروری ہے، اس حوالہ سے ڈیٹا شیئرنگ اور گلیشیئرز کی معیاری مانیٹرنگ کیلئے ممالک کی استعداد کار کو مستحکم بنانا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو گلیشیئرز مانیٹرنگ پروگرام، ارلی وارننگ سسٹم، پانی کے ذخیرہ کرنے کے متبادل حل سمیت دیگر اقدامات کیلئے درکار امداد میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے، گلیشیئرز، بنی نوع انسان اور کرہ ارض کے مستقبل کے تحفظ کیلئے تمام ممالک کو متحد ہو کر ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔