Home اسلام نبی کریم ﷺ کو اپنا رہبر بنانا مسلمان کے لیے ضروری ہے،...

نبی کریم ﷺ کو اپنا رہبر بنانا مسلمان کے لیے ضروری ہے، خطبہ جمعہ مسجد نبوی، مدینہ منورہ

37

مدینہ منورہ: مسجد نبوی کے امام و خطیب، فضیلة الشیخ ڈاکٹر احمد الحذیفی نے اپنے خطبہ جمعہ میں مسلمانوں کو نبی اکرم ﷺ کی شخصیت کو اپنا کامل نمونہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خطبے کا آغاز اللہ تعالی کی حمد و ثناء سے کرتے ہوئے فرمایا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت اور اخلاقی خصوصیات مسلمانوں کے لیے ایک ایسی روشنی ہیں جو ان کے دلوں کو ایمان سے بھر دیتی ہے۔ خطیب مسجد نبوی نے اس بات پر زور دیا کہ نبی اکرم ﷺ کی زندگی محض ایک واقعہ نہیں بلکہ ہر مسلمان کے لیے عمل اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔

فضیلة الشیخ نے مزید فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کو ہمارے لیے بہترین نمونہ قرار دیا ہے، جیسا کہ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالی ہے: "لَّقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ لِّمَن كَانَ يَرْجُو اللَّهَ وَالْيَوْمَ الْآخِرَ وَذَكَرَ اللَّهَ كَثِيرًا” (سورہ احزاب، آیت 21)۔ آپ ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے ایسی خوبیوں سے نوازا کہ وہ مکمل انسانیت اور اعلی اخلاق کے معیار پر پورے اترے، ان کے پیغام نے دنیا کو روشنی بخشی۔

ڈاکٹر احمد الحذیفی نے نبی اکرم ﷺ کے اخلاق حسنہ پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ان کی حیات مبارکہ رحمت، درگزر، شفقت، اور حسن سلوک کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آپ ﷺ سخت مزاج نہ تھے، نہ ہی آپ کا چہرہ غصے یا درشتی کا اظہار کرتا تھا، بلکہ آپ ﷺ کا رویہ نرم اور محبت سے لبریز ہوتا تھا۔ حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ کو توریت میں بھی انہی صفات کے ساتھ بیان کیا گیا تھا کہ وہ رحم دل اور صابر ہیں، بدلہ لینے کی بجائے معاف کرتے ہیں۔

فضیلة الشیخ نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی رحمت اور نرم دلی ان کی نبوت اور صداقت کی عظیم دلیل ہیں۔ ان کی آمد سے دنیا میں عدل، امن اور بھائی چارہ پھیلا اور لوگوں کے دلوں میں محبت و رواداری پیدا ہوئی۔

ڈاکٹر احمد الحذیفی نے کہا کہ اللہ نے ہمیں اپنے نبی ﷺ کے راستے پر چلنے کا حکم دیا ہے، اور ان کی محبت ہمیں اپنی عبادات اور عملی زندگی میں نظر آنی چاہیے۔ سچی محبت وہی ہے جو انسان کو محبوب کے قریب لے جائے اور اس کی پیروی میں تیزی سے آگے بڑھائے۔

خطبے کا اختتام کرتے ہوئے فضیلة الشیخ نے مسلمانوں کو ترغیب دی کہ وہ نبی کریم ﷺ کی محبت کو اپنی زندگی میں جگہ دیں، اور ان کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر اپنی آخرت سنواریں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات عالی اللہ تعالی کے سب سے پیارے بندے ہیں، اور ان سے محبت ہمیں اللہ کی محبت کی طرف لے جاتی ہے۔