فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے 17 اکتوبر کو شہید ہونے والے یحییٰ السنوار کی جگہ نئے سربراہ کی تقرری نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی قیادت پانچ رکنی کمیٹی کے حوالے کر دی ہے۔
اس کمیٹی میں تین علاقائی سربراہ اور دو دیگر عہدیدار شامل ہیں: غزہ کی پٹی کے انچارج خلیل الحیہ، مغربی کنارے کے انچارج زاہر جبارین، خارجی امور کے ذمہ دار خالد مشعل، رئیس مجلس شوریٰ محمد درویش، اور ایک رکن جو تنظیم کے سیاسی دفتر کے سیکرٹری جنرل ہیں، لیکن ان کا نام خفیہ رکھا گیا ہے۔
یہ کمیٹی وار کیبنٹ کی حیثیت سے کام کرے گی اور حماس کی قیادت مارچ میں ہونے والے تنظیمی انتخابات تک اسی پانچ رکنی کمیٹی کے زیرِ نگین رہے گی۔ یاد رہے کہ یہ کمیٹی جولائی میں طہران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت کے بعد تشکیل دی گئی تھی اور یہ یحییٰ السنوار کے ساتھ رابطے کی صورت میں احکامات جاری کرتی تھی۔