Home پاکستان سعودی سفیر اور پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملاقات

سعودی سفیر اور پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملاقات

19

اسلام آباد: سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔

جمعرات کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون اور عالمی سطح پر درپیش مشترکہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر قائم گہرے اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کا رشتہ بے مثال ہے، اور ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے 94 ویں قومی دن کے موقع پر سعودی حکومت اور عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی ترقی اور خوش حالی میں ہمیشہ اپنا حصہ ڈالنے کے لیے تیار ہے۔

نائب وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معاشی و سفارتی محاذوں پر بھرپور حمایت اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت دینے میں سعودی کردار کو بھی سراہا۔

انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے عالمی سطح پر امن، سلامتی اور اسلامی دنیا کی وحدت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔

سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے مستقبل میں معاشی، تجارتی، اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔