ناٹنگھم: انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 5ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل (جمعرات)کو ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے دورہ پر ہے ،جہاں وہ میزبان برطانوی ٹیم کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے علاوہ 5 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچز کی سیریز بھی کھیلے گی۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی 3 ٹی ٹونٹی کرکٹ میچزکی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔
ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ مہمان آسٹریلوی ٹیم نے 28رنز سے جیت لیا تھا جبکہ میزبان انگلینڈ ٹیم نے دوسرے میچ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
ٹی ٹونٹی سیریز مکمل ہونے کے بعد پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز (کل) جمعرات کو ٹرینٹ برج، ناٹنگھم میں ہوگا۔پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کی ٹیم کی قیادت مچل مارش کریں گے جبکہ انگلینڈ کو ہیری بروک لیڈ کریں گے۔دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 21 ستمبر کو ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلا جائے گا،
تیسرا میچ 24 ستمبر کو ریور سائیڈ گراؤنڈ، چیسٹر لی سٹریٹ کے مقام پر کھیلا جائے گا، چوتھا ون ڈے میچ 27 ستمبر کو لارڈز، لندن میں کھیلاجائے گا جبکہ پانچواں اور آخری میچ 29 ستمبر کو کائونٹی گرائونڈ، برسٹل میں کھیلا جائے گا