منگل, ستمبر 17, 2024

اسلحہ لائسنس کے اندراج میں جعلی سازی کرنے والا امجد واگھو دوبارہ لائسنس برانچ کا انچارج تعینات

بین الصوبائی اسلحہ لائسنس کے اندراج و اجراء میں بڑے پیمانے پر جعلسازی کرنے والے اسسٹنٹ امجد واگھو دوبارہ ڈپٹی کمشنر کورنگی کی اسلحہ برانچ کا انچارج تعینات

اسلحہ لائسنس کے اجراء اور بین الصوبائی اسلحہ لائسنس کے غیر قانونی اندراج میں بڑے پیمانے پر جعلسازی کرنے والے اسسٹنٹ امجد واگھو کو دوبارہ ڈپٹی کمشنر کورنگی کی اسلحہ برانچ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

سابق ڈپٹی کمشنر ضلع کورنگی جواد مظفر نے اسسٹنٹ امجد واگھو کو جعلسازی اور خرد برد پر اسلحہ برانچ سے ہٹا کر کمشنر آفس بھیج دیا تھا لیکن امجد واگھو نے وہاں کام کرنے کے بجائے سیاسی اثر رسوخ استعمال کرکے اپنا تبادلہ ضلع کیماڑی میں کرا دیا اور وہاں بھی اسلحہ لائسنس برانچ کا چارج لے لیا۔

ڈپٹی کمشنر کیماڑی میں تبادلے کے عرصہ میں سندھ میں اسلحہ کے اجراء پر پابندی تھی۔ اس عرصہ کے دوران امجد واگھو نے بھاری رشوت کے عوض بڑے پیمانے پر پرانی بین الصوبائی اسلحہ لائسنسوں کا اندراج کرنا شروع کر دیا۔ امجد واگھو نے اس قدر جعلسازی کی کہ مجبوراً اچھی شہرت کے حامل ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید اقبال کو اسلحہ برانچ سیل کرنا پڑی اور انہوں نے امجد واگھو کو کمشنر کراچی آفس رپورٹ کرا دیا۔

جعلسازی کے ماسٹر امجد واگھو نے کمشنر کراچی آفس سے اپنا تبادلہ ضلع شرقی کرالیا۔ ضلع شرقی میں بھی امجد واگھو نے اسلحہ برانچ میں تعیناتی کی کوشش کی تاہم ڈی سی کیماری جنید اقبال اور ڈی سی کورنگی جواد مظفر نے ڈی سی ضلع شرقی شہزاد عباسی کو امجد واگھو کی کارستانیوں سے آگاہ کر دیا جس پر امجد واگھو کو وہاں جعلسازی کا موقع نہ مل سکا تاہم اس دوران ضلع کورنگی سے ڈی سی جواد مظفر کا تبادلہ ہوگیا۔

میدان صاف ملنے پر امجد واگھو نے دوبارہ کورنگی میں اپنا تبادلہ کرا لیا اور سیاسی اثر اسوخ استعمال کر کے اسلحہ لائسنس برانچ کا چارج حاصل کر لیا۔

باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ امجد واگھو پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے مکروہ دھندوں کی ڈھال کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ اس نے پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیداران سے ڈپٹی کمشنر کو پریشر میں لینے کے لئے سفارشیں کرائی ہیں تاہم یہ عہدیداران امجد واگھو کی جعلسازیوں سے واقف نہیں۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں