بدھ, ستمبر 11, 2024
ہومتازہ ترینصحافیوں کی فلاح و بہبود اور انکے حقوق کیلئے کام کرتے رہیںگے...

صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انکے حقوق کیلئے کام کرتے رہیںگے : حنیف گوہر

کراچی : گوہر گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور معروف بلڈرز حنیف گوہر نے کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے لیے اپنی بساط کے مطابق کام کرتے رہیں گے ،کراچی پریس کلب ملک میں آزادی اظہار رائے کی سب سے بڑی علامت ہے ،حکومت کے پاس نوکریاں موجود نہیں ہیں، لوگوں کو روزگار دینے کے لیے پرائیویٹ سیکٹرکو آگے آنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعرات کو کو پریس کلب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب صدر کراچی پریس کلب مشتاق سہیل ،سیکرٹری شعیب احمد، جوائنٹ سکرٹری اسلم خان، خازن احتشام سعید قریشی، گورننگ باڈی کے ارکان رفیق بشیر ،رمیز وہرہ ، کلثوم جہاں ، سابق سیکرٹری مقصود یوسفی ،رضوان بھٹی ، صدر کے یو جے خلیل ناصر، طارق ابو الحسن، حسن عباس، حنیف اکبر ، رضوان عالم ، اصغر عمر، مسعود انور، سندھ بوائے اسکائوٹس کے سیکرٹری سید اختر میر سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

حنیف گوہر نے کہا کہ کراچی پریس کلب ان کے لیے گھر جیسا ہے ۔یہاں آ کر محسوس ہوتا ہے کہ گھٹن کی فضا میں بھی ایسے ادارے موجود ہیں جہاں کھل کر سانس لی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بساط کے مطابق لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ہم ہنر فائونڈیشن کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ انڈس اسپتال سمیت کئی فلاحی اسپتالز کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس وسائل کم ہیں وہ ہر شخص کے روزگار کا انتظام نہیں کر سکتی ہے اس حوالے سے پرائیویٹ سیکٹر کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ نائب صدر کراچی پریس کلب مشتاق سہیل اور سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ صحافیوں کو اس وقت مشکل ترین حالات کا سامنا ہے ۔ہم کوشش کررہے ہیں کہ بے روزگار صحافیوں کے روزگار کا انتظام کیا جائے ۔

ہم نے کراچی پریس کلب میں ایک اسٹوڈیو بھی قائم کیا ہے جس میں صحافی یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا کے لیے بغیر کسی معاوضے کے کام کرتے ہیں۔ کراچی پریس کلب جدوجہد کا استعارہ ہے ۔یہ ہر اس مظلوم کی آواز ہے جہاں اپنی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حنیف گوہر اور ان جیسی دیگر مخیر شخصیات کے تعاون کی وجہ سے ہمیں اپنے بہت سے منصوبے مکمل کرنے میں مدد ملی ہے ۔امید ہے کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا ۔

اس موقع پر سیکرٹری کراچی پریس شعیب احمد نے حنیف گوہر کو اعزازی ممبر شپ دینے کا اعلان بھی کیا ۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے حنیف گوہر کو اجرک کا تحفہ اور شیلڈ بھی پیش کی جبکہ معزز مہمان نے کراچی پریس کلب کے زیر تعمیروومن کمپلیکس کے لیے 10 لاکھ روپے کا چیک بھی پریس کلب کے عہدیداروں کو پیش کیا۔بعد ازاں پریس کلب کے عہدیداروں نے حنیف گوہرکو زیر تعمیر وومن کمپلیکس کا دورہ بھی کرایا ۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں