Home پاکستان وفاقی محتسب اعلی کی ٹیم EOBI میں بدانتظامی کی شکایات پر ریجنل...

وفاقی محتسب اعلی کی ٹیم EOBI میں بدانتظامی کی شکایات پر ریجنل دفاتر کا معائنہ کرے گی

125

کراچی : ای او بی آئی میں بدانتظامی اور شکایات پر وفاقی محتسب اعلیٰ کا ازخود نوٹس، خصوصی ٹیم ای او بی آئی ریجنل آفسوں کا معائنہ کرے گی ۔

وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی نے ای او بی آئی کے بے شمار بیمہ دار افراد اور بزرگ پنشنرز کی جانب سے ای او بی آئی کے امور میں بڑھتی ہوئی بدانتظامی، پنشن کیسیز کو بلاجواز مسترد کرنے اور پنشن کی منظوری میں غیر معمولی تاخیر کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس معاملہ کا ازخود نوٹس لیا ہے ۔

ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان اسرار ایوبی نے بتایا کہ وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی نے ای او بی آئی کے خلاف بیمہ دار افراد کی جانب سے بڑھتی ہوئی شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور اس مسئلہ کے حل کے لئے ازخود نوٹس بھی لیا ہے ۔

لہذاء ان کے احکامات پر سید ذاکر حسین ایڈوائزر محتسب اعلیٰ کراچی آفس دیگر حکام کے ساتھ 25 مارچ کو ای او بی آئی عوامی مرکز شارع فیصل کراچی میں قائم تینوں ریجنل آفسوں کا معائنہ کریں گے ۔

معائنہ ٹیم موقع پر موجود بیمہ دار افراد اور پنشنرز سے ملاقات کرکے ان کی شکایات بھی سنے گی اور ان جملہ شکایات پر مشتمل اپنی رپورٹ 20 دن کے اندر عزت مآب وفاقی محتسب اعلیٰ اسلام آباد کو پیش کرے گی ۔