کراچی : نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے افسران کی ملی بھگت سے چلنے والے کال سینٹروں کے فی الوقت اپنا دھندہ خود ہی بند کر دیا ہے ، جب کہ 5 جنوری تک کال سینٹر مافیا نے چھٹیاں بھی کی ہوئی ہیں ۔ تاہم نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے افسران کے خلاف کارروائی کے بعد اب بڑی ایجنسی نے بھی لسٹیں تیار کرنا شروع کر دی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی کے افسران کی مبینہ طور پر سرپرستی سے چلنے والے کال سینٹروں کی فہرستیں تیار ہونا شروع ہو گئی ہیں ۔ اس وقت بڑے اور چھوٹے دونوں نوعیت کے سینٹروں کی فہرستیں تیار کی گئی ہیں ۔ خصوصا ان کال سینٹروں کو پہلی لسٹ میں رکھا گیا ہے جہاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی افسران بھی براہ راست ملوث تھے ۔
انٹیلی جنس ادارے نے کراچی کے 30 سے زائد بڑے کال سینٹروں کی فہرست تیار کر لی ہے ، شہر میں متعدد مقامات پر سافٹ وئیر ہائوس کی آڑ میں برسوں سے غیر قانونی کال سینٹرز چلائے جا رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی میں مبینہ کرپشن کیخلاف کریک ڈاؤن کے بعد اب اگلے مرحلے میں افسران کی ملی بھگت سے چلنے والے والے ڈبوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئ ہے ۔
تاہم یہ بات واضح ہے کہ 5 جنوری سے قبل ڈبوں کے خلاف آپریشن نہیں ہو سکے گا کیوں کہ کال سینٹر اور ڈبہ مافیا کے کارندے 15 دسمبر سے لیکر 5 جنوری تک سالانہ چھٹیاں کرتے ہیں کہ اس سے قبل وہ دسمبر میں سال کا سب سے بڑا سیزن لگاتے ہیں ۔
