کراچی (رپورٹ : ضیاء کاکڑ ) رائٹرز گلڈ آف اسلام سندھ کے نو منتخب عہدیداران کا تعارفی اجلاس اتوار کو کراچی پریس کلب میں منعقد ہوا، جس میں صوبائی کابینہ کے تمام اہم اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت رائٹرز گلڈ آف اسلام صوبہ سندھ کے صدر مفتی سیف اللہ شاہوانی نے کی۔
اجلاس میں کابینہ کے عہدیداران کا باضابطہ تعارف پیش کیا گیا جن میں سیکرٹری جنرل خالد وحید امراچی، سیکرٹری اطلاعات حافظ ضیاء کاکڑ، سینئر نائب صدر مفتی عمر رازی دیدلی، نائب صدور مولانا محمد اویس اور مفتی ضیاء الرحمن یوسف زئی شامل تھے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد وسیم سعید اور سیکرٹری مالیات عبدالرحمن عاصم نے بھی اپنی آئندہ ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔
اجلاس میں صحافی عظمت خان ، مولانا سلیم اللہ اور سینئر صحافی عبدالجبار ناصر نے بطورِ مہمان شرکت کی۔
تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مفتی سیف اللہ شاہوانی نے کہا کہ رائٹرز گلڈ آف اسلام کا بنیادی مقصد قلم کے ذریعے اصلاحِ معاشرہ، فکری رہنمائی اور اسلامی اقدار کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ قلم معاشرے کی فکری سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور یہ پلیٹ فارم نوجوان لکھاریوں کی تربیت و رہنمائی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اجلاس میں سیکرٹری جنرل خالد وحید امراچی نے بھی رائٹرز گلڈ آف اسلام کے مقاصد اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلڈ کا بنیادی ہدف معیاری، تحقیقی اور ذمہ دارانہ لکھائی کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان اہلِ قلم کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گلڈ صوبہ سندھ میں تربیتی ورکشاپس، ادبی نشستوں اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کے انعقاد کے ذریعے لکھاریوں کو مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ خالد وحید امراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گلڈ علمی و ادبی حلقوں کو ایک جامع اور مثبت سمت میں متحد کرنے کا کردار ادا کرے گا۔
سیکرٹری اطلاعات حافظ ضیاء کاکڑ نے کہا کہ گلڈ صوبہ سندھ میں دینی، علمی اور ادبی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مثبت، تحقیقی اور ذمہ دارانہ لکھائی کو تقویت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو معیاری اور مستند اسلامی مواد تک رسائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس میں آئندہ کے منصوبوں، تربیتی ورکشاپس، ادبی نشستوں اور مشترکہ تحقیقی سرگرمیوں کے حوالے سے مشاورت بھی کی گئی۔ اجلاس دعائیہ کلمات پر اختتام پذیر ہوا۔
