اتوار, دسمبر 22, 2024

پورٹ قاسم: مسلم لیگ (ن) کی حمایت یافتہ یونین کی شاندار فتح

پورٹ قاسم اتھارٹی میں سی بی اے یونین کے انتخابات 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا، جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حمایت یافتہ لیبر یونین نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ یہ یونین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی حمایت یافتہ یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ یونین کو 214 ووٹوں کی واضح اکثریت سے شکست دینے میں کامیاب رہی۔

انتخابات میں ووٹوں کی مجموعی تعداد 1048 تھی، جن میں سے مسلم لیگ (ن) کی حمایت یافتہ یونین نے 584 ووٹ حاصل کیے، جبکہ یونائیٹڈ ورکرز فرنٹ یونین 370 ووٹ تک محدود رہی۔ 10 ووٹ مسترد قرار دیے گئے۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سندھ ہاؤس سے پورٹ قاسم کی سی بی اے کا فیصلہ ہوا، جو لیبر ونگ کی قیادت کی موثر حکمت عملی، مضبوط ٹیم ورک، اور کارکنوں کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔

لیبر ونگ سندھ کے صدر رحیم اعوان نے اس شاندار کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کی مکمل قیادت اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے صدر ضلع ملیر فیروز خان، محبوب الٰہی، اور حسان رضا سمیت تمام اہم شخصیات کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے پورٹ ورکر لیگ کی بھرپور حمایت کی۔

فاتح یونین کی قیادت میں لال شاہ (صدر)، شیر محمد بلوچ (جنرل سیکریٹری)، ریاض شاہ، علی احمد جٹ، عزیز بھٹی، رزاق بلوچ، اور حسین بخش شامل ہیں، جنہوں نے انتخابی مہم میں کلیدی کردار ادا کیا اور مزدوروں کے اعتماد پر پورا اترنے کا عزم ظاہر کیا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ سندھ نے اس جیت کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور قائد نواز شریف کے مابین ہونے والے میثاقِ جمہوریت کی ایک مثال قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ یہی جذبہ وفاق اور سندھ میں مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے کام کرنے کا باعث بنے گا۔

یہ کامیابی نہ صرف مسلم لیگ (ن) کی مضبوط موجودگی کی عکاس ہے بلکہ اس بات کی یقین دہانی بھی کراتی ہے کہ لیبر ونگ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں