جمعہ, دسمبر 27, 2024

ای او بی آئی اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے درمیان بینکنگ سروسز کا نیا پنج سالہ معاہدہ

بینک کا بزرگ پنشنرز کے لئےتمام خدمات مفت فراہم کرنے کا فیصلہ

پنشنرز کی فلاح و بہبود کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

نجی شعبہ کے ملازمین کو ان کی ریٹائرمنٹ، معذوری اور ان کی وفات کی صورت میں ان کے لواحقین کو تاحیات پنشن فراہم کرنے والے قومی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن(EOBI) زیر نگرانی وزارت بیرون ملک پاکستانی و ترقی انسانی وسائل، حکومت پاکستان اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے درمیان بینکنگ سروسز کا ایک نیا پنج سالہ معاہدہ طے پایا ہے۔ جس کا اطلاق 3 فروری 2025ء سے 2 فروری 2030ء تک مؤثر ہو گا۔ بینک الفلاح 2015ء سے ای او بی آئی کے لئے بینکنگ سروسز کی خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کی خدمات سے ملک بھر میں لاکھوں پنشنرز ATM کارڈ کے ذریعہ اپنی پنشن سے مستفید ہو رہے ہیں۔ نئے معاہدہ کی خصوصیت یہ ہے کہ بینک الفلاح نے ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کے سینئر سٹیزن کی حیثیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے لئے اپنی تمام تر خدمات مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ یکم جولائی 1976ء کو EOBI کے قیام کے بعد 1983ء میں پہلی مرتبہ حبیب بینک لمیٹڈ کے ذریعہ 75 روپے ماہانہ پنشن جاری کی گئی تھی۔ بعد ازاں حبیب بینک لمیٹڈ سے معاہدہ کی مدت ختم ہونے کے بعد یہ ذمہ داری مرحلہ وار یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، تعمیر مائیکرو فنانس بینک (Easy paisa) اور نیشنل بینک آف پاکستان کو سونپی گئی تھی لیکن ان تینوں بینکوں کی پنشن کی تقسیم کے لئے غیر تسلی بخش کارکردگی رہی۔لہذاء ای او بی آئی کی انتظامیہ نے 2015ء میں اس صورت حال کا ادراک کرتے ہوئے اپنے بزرگ پنشنرز کو پنشن کے حصول میں سفر کی صعوبتوں، طویل قطاروں اور انتظار کی زحمت سے نجات دلانے کے لئے ایک جدید ترین بینکنگ نظام کو اپنانے کا فیصلہ کیا تھا۔جس کے تحت لاکھوں پنشنرز کے لئے ATM کارڈ کے ذریعہ ماہانہ پنشن کی تقسیم کا ایک انقلابی منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے تحت قومی اخبارات میں بینکنگ سروسز کی مطلوبہ خدمات طلب کرنے کے لئے اشتہار جاری کئے گئے تھے ۔جس میں دیگر تجارتی بینکوں کے ساتھ بینک الفلاح لمیٹڈ نے بھی حصہ لیا تھا ۔اس عمل کے دوران بینک الفلاح لمیٹڈ نے ای او بی آئی کے رجسٹرڈ آجران سے ماہانہ کنٹری بیوشن کی وصولیابی اور لاکھوں بزرگ پنشنرز میں ماہانہ پنشن کی باسہولت تقسیم کے لئے جدیدترین اور برق فتار بینکنگ نظام کے ذریعہ پنشن تقسیم کرنے کے لئے قابل عمل تجاویز پیش کرکے مقابلہ میں شریک دیگر قومی بینکوں کے مقابلہ میں میرٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ چنانچہ ای او بی آئی اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے درمیان پہلا بینکنگ سروسز معاہدہ 3،اگست 2015ء سے 2 ،اگست 2020ء تک کی مدت کے لئے عمل میں آیا تھا۔جس میں فی ٹرانزیکشن سروس چارجز 26 روپے مقرر کئے گئے تھے ۔ اس مقصد کے لئے پہلے مرحلہ میں ای او بی آئی کے لاکھوں پنشنرز کو نیشنل بینک آف پاکستان سے بینک الفلاح لمیٹڈ منتقل کرنے کے لئے ایک ملک گیر آگہی مہم چلائی گئی تھی۔جس کے تحت بینک الفلاح کی ملک بھر کی شاخوں میں ای او بی آئی کے لاکھوں پنشنرز کی بائیو میٹرک تصدیق کرنے کے بعد انہیں پنشن کے حصول کے لئے ATM کارڈ فراہم کے گئے تھے۔ ای او بی آئی کی انتظامیہ کے اس دانشمندانہ فیصلہ کے نتیجہ میں لاکھوں بزرگ پنشنرز نے سکون کا سانس لیا تھا۔ پنشن کی تقسیم کے اس جدید ترین نظام کو متعارف کرانے کی بدولت ای او بی آئی کو پنشن فراہم کرنے والے دیگر قومی اداروں کے مقابلہ میں ملک میں Digital Banking کے ذریعہ پنشن تقسیم کرنے والے اولین قومی ادارہ کا اعزاز حاصل ہوگیا تھا ۔

ای او بی آئی اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے اس پنج سالہ معاہدہ کی مدت کے اختتام پر 2020ء میں کوڈ-19 کی بدترین وباء کے دوران پنشنرز کے لئے بینکنگ سروسز کی خدمات کو بلا خلل جاری رکھنے کے لئے بینک سے پہلا اضافی معاہدہ 3،اگست 2020ء تا 2،اگست 2021ء عمل میں آیا تھا ۔جس میں ٹرانزیکشن سروس چارجز کی شرح کم کرکے 8 روپے مقرر کی گئی تھی۔اس اضافی معاہدہ کے اختتام پر دوسرا ضمنی 3،اگست2021ء تا 2،اگست 2022ء تک کی مدت کے لئے عمل میں آیا تھا اس میں بھی بینک الفلاح کی انتظامیہ نے بزرگ پنشنرز کی فلاح وبہبود کے لئے نہایت فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرانزیکشن سروس چارجز کو سرے سے ختم کرکے صفر کردیئے تھے۔اس اضافی معاہدہ کے اختتام پر تیسرا ضمنی معاہدہ 3،اگست 2022ء تا 2،اگست 2024ء کی مدت کے لئے عمل میں آیا تھا اس معاہدہ میں بھی ٹرانزیکشن سروس چارجز حسب دستور صفر ہی برقرار رکھے گئے تھے۔ ای او بی آئی اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے درمیان چوتھا ضمنی معاہدہ 3،اگست 2024ء سے 2،فروری 2025ء تک کے لئے عمل میں آیا تھا اور اس میں بھی پنشنرز کے لئے ٹرانزیکشن سروس چارجز حسب دستور صفر ہی مقرر کئے گئے تھے۔جبکہ دونوں اداروں کے درمیان مقررہ پروکیورمنٹ قوانین اور شفاف طریقہ سے طے ہونے والے حالیہ بینکنگ سروسز معاہدہ کا اطلاق 3،فروری 2025ء سے 2،فروری 2030ء تک موثر ہو گا۔

یہ امر قابل تعریف ہے کہ بینک الفلاح کی جانب سے 2021ء سے ای او بی آئی کے ہزاروں رجسٹرڈ آجران سے ماہانہ کنٹری بیوشن کی وصولیابی اور ملک بھر میں لاکھوں پنشنرز میں ماہانہ پنشن کی تقسیم کے لئے تمام تر خدمات مفت مہیا کی جارہی ہیں۔
بینک الفلاح کی جانب سے بزرگ پنشنرز کے لئے پنشن ڈیبٹ کارڈ (Pension Debit Card)کی بھی کوئی قیمت مقرر نہیں ہے جبکہ مارکیٹ میں اس کی قیمت 950روپے اور کمپیوٹر چپ کارڈ کی قیمت 1،600 روپے تک ہے۔ بینک الفلاح کے ڈیبٹ کارڈ (Debit card) دبئی سے تیار ہوکر آتے ہیں اور پھر بینک الفلاح لمیٹڈ میں پنشنرز کا ڈیٹا ان پنشن ڈیبٹ کارڈ میں منتقل کیا جاتا ہے۔بینک الفلاح لمیٹڈ کا جاری کردہ پنشن ڈیبٹ کارڈ گم یا تلف ہو جانے کی صورت میں بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کو ایک خصوصی سہولت کے طور پر اس کی مد میں صرف 256 روپے چارجز وصول کئے جاتے ہیں۔جبکہ مارکیٹ میں ڈیبٹ کارڈ کی تبدیلی (Replacement) کے چارجز 1200 روپے مقرر ہیں۔ بینک الفلاح پنشن ATM card تاریخ اجراء سے 5 برس تک کارآمد رہتا ہے۔ واضح رہے کہ ای او بی آئی پنشن والٹ اکاؤنٹ کے بیلنس پر کوئی منافع نہیں ہے اور نہ ہی پنشن والٹ اکاؤنٹ کے بیلنس پر زکوٰۃ کی کوئی کٹوتی کی جاتی ہے۔

بینک الفلاح لمیٹڈ کی ملک بھر میں 1,260 ATMs خدمات انجام دے رہی ہیں اور ملک کے طول وعرض میں مجموعی طور پر 18,700ون لنک (Onelink) ATMs خدمات کے لئے دستیاب ہیں۔اسی طرح بینک الفلاح لمیٹڈ مقررہ قانون کے مطابق ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کے ہر 6 ماہ بعد لازمی ثبوت بقید حیات (Proof of life) کی بائیو میٹرک تصدیق کے لئے بھی کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کرتا۔ جبکہ دوسری جانب نادرا(NADRA) کی جانب سے اس مد میں ضرورت مند افراد سے 18.74 روپے وصول کئے جاتے ہیں ۔ اسی طرح بزرگ پنشنرز کی جانب سے ون لنک(Onelink) کے ذریعہ پنشن کی وصولیابی کی صورت میں بھی کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کئے جاتے۔

ای او بی آئی کے بیمہ دار افراد (Insured Persons)متعلقہ ریجنل آفس سے اپنی پنشن کی منظوری کے بعد اپنے کارآمد اصل قومی شناختی کارڈ اور ای او بی آئی کے جاری کردہ پنشن پیمنٹ آرڈر(PPO) کے ساتھ بینک الفلاح لمیٹڈ کی نزدیکی برانچ سے رجوع کرکے اپنی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد اپنا پنشن والٹ اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں اور بعد ازاں پنشنرز اپنے پنشن والٹ کارڈ کو ایکٹیویٹ کرانے اور اپنے ATM pin کے لئے بینک الفلاح کے 24 گھنٹے کال سنٹر 021-111-225-229 سے رجوع کرسکتے ہیں۔

جبکہ مقررہ قوانین کے مطابق ہر پنشنر کے لئے ہر 6 ماہ بعد اپنے ثبوت بقید حیات (Proof of life)کے لئے بینک الفلاح کی نزدیکی برانچ میں ذاتی طور پر پیش ہوکر اپنی بائیو میٹرک تصدیق کرانا لازمی ہے بصورت دیگر ایسے پنشنرز کی پنشن عارضی طور پر معطل کردی جاتی ہے اور پنشن معطل ہونے کے مزید تین ماہ تک اپنی بائیو میٹرک تصدیق نہ کرانے کی صورت میں ایسے پنشنرز کی پنشن کی رقم ای او بی آئی کو واپس بھیج دی جاتی ہے۔ جس کی بحالی کے لئے پنشنرز کے متعلقہ ریجنل آفس سے رابطہ کرسکتے ہیں۔اسی طرح پنشنرز کے طویل عرصہ بیرون ملک قیام کی صورت میں ان کی پنشن عارضی طور پر معطل ہو جاتی ہے ۔جو پنشنر کی وطن واپسی پر ای او بی آئی کے متعلقہ ریجنل آفس سے ذاتی طور پر رجوع کرنے پر مقررہ طریقہ کار کے مطابق بحال کردی جاتی ہے۔

بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے بزرگ پنشنر کی شدید علالت کے باعث ان کے صاحب فراش ہونے اور چلنے پھرنے سے قاصر ہونے کی صورت میں ان کی ہر 6 ماہ بعد بائیو میٹرک تصدیق کے لئے بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خصوصی انتظامات کئے ہوئے ہیں۔ جس کے تحت بینک کا مقرر کردہ ایجنٹ شدید بیمار پنشنر کے گھر پر جا کر ان کی بائیو میٹرک تصدیق کا عمل انجام دیتا ہے۔ بزرگ پنشنرز کے انگوٹھے کے نشان واضح ثبت نہ ہونے کی صورت میں ایسے پنشنر کو آئندہ اپنی پنشن جاری رکھنے کے لئے ای او بی آئی کے متعلقہ ریجنل آفس سے مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپنی پنشن کے حصول کے لئے اپنے کسی قابل بھروسہ عزیز کو نامزد کرنے کے لئے "اتھارٹی لیٹر "جاری کرانا لازمی ہے۔پنشنرز کے اہل خانہ کو ان کے مفاد میں یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ پنشنر کی وفات کی صورت میں ان کے لواحقین تحریری طور پر دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ ای او بی آئی کے متعلقہ ریجنل آفس کو مطلع کریں اور متوفی پنشنر کی پنشن کی وصولی سے باز رہیں۔

بینک الفلاح لمیٹڈ بزرگ پنشنرز کے مفادات کے تحفظ کے لئے انہیں SMS کے ذریعہ ہمہ وقت باخبر بھی رکھتا ہے۔اس مقصد کے تحت بینک کی جانب سے ہر ماہ پنشن کے اجراء کے موقع پنشنر کو انفرادی طور پران کے رجسٹرڈ موبائل فون نمبر پر SMS کے ذریعہ پنشن کی آمد کاپیغام ارسال کیاجاتا ہے۔علاوہ ازیں ہر پنشنرکو ہر 6 ماہ بعد ان کی مقررہ بائیو میٹرک تصدیق کی یاد دہانی کے لئے بھی ایک ماہ قبل بذریعہ SMS پیشگی اطلاع دی جاتی ہے۔اس سلسلہ میں حتمی تاریخ سے 15 دن قبل دوسرا پیغام اور بالآخر مدت کے اختتام کے آخری دن بھی انہیں بائیو میٹرک تصدیق کی یاد دہانی کا پیغام بھیجا جاتا ہے۔

بینک الفلاح کے جدید ترین اور برق رفتار بینکنگ نظام کے ذریعہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ملک بھر میں یکساں طور پر پنشن جاری کردی جاتی ہے۔ بصورت دیگر کسی ماہ کے دوران مہینہ کی پہلی تاریخ ہفتہ یا اتوار کو آجانے کی صورت میں پنشن اس ماہ کی 2 یا 3 تاریخ کو ہر صورت میں جاری کردی جاتی ہے اور بینک الفلاح لمیٹڈ کے تشکیل کردہ خصوصی پنشن تقسیم کے خودکار نظام کی بدولت ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ملک بھر میں ای او بی آئی کے لاکھوں پنشنرز کے لئے پنشن کی تقسیم کا عمل چشم زدن میں مکمل ہوجاتا ہے اور تقسیم کے عمل کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ صرف 5 منٹ تک ہوسکتا ہے۔

ای او بی آئی اور بینک الفلاح کے درمیان بینکنگ سروسز کے نئے معاہدہ کے پر مسرت موقع پر بینک الفلاح لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او عاطف اسلم باجوہ اور بینک انتظامیہ نے اپنے اس مصصم عزم کا اظہار کیا ہے کہ بینک الفلاح لمیٹڈ ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کو سینئر سٹیزن کی حیثیت سے باعزت اور باوقار شہری کا درجہ دیتے ہوئے ان کے پنشن فنڈز سے کوئی منافع نہیں کمانا چاہتا اور ان شاءاللہ ہم آئندہ بھی بزرگ پنشنرز کے لئے بینکنگ سروسز کی بہتر سے بہتر اور عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی کے لئے کوشاں رہیں گے۔

دریں اثناء ای او بی آئی کے لاکھوں بزرگ، معذور، بیوگان اور یتامیٰ پنشنرز نے بینک الفلاح لمیٹڈ کو ایک بار پھر پنشن کی تقسیم کے لئے منتخب کئے جانےکے خوش آئند فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے گہری مسرت کا اظہار کیا ہے ۔واضح رہے کہ ای او بی آئی بینک الفلاح لمیٹڈ کے ذریعہ ملک بھر میں اپنے چار لاکھ سے زائد بزرگ معذور، بیوگان اور یتامیٰ پنشنرز میں ماہانہ پانچ ارب روپے اور سالانہ تقریبا 60 ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کر رہا ہے۔امید کی جاتی ہے کہ بینک الفلاح لمیٹڈ کا بزرگ پنشنرز کے لئے یہ نیک اقدام ملک کے کمزور پنشنرز طبقہ کی فلاح و بہبود کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں