Home تازہ ترین اضافہ شدہ EOBI پنشن کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ‛...

اضافہ شدہ EOBI پنشن کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ‛ لاکھوں پنشنرز پریشان

8

کراچی : ایمپلائیزاولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI)زیر نگرانی وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل،حکومت پاکستان کے سہ فریقی بورڈ آف ٹرسٹیز نے ای او بی آئی کے اثاثہ جات اور قانونی ذمہ داریوں کی 12 ویں ایکچوریل ویلیویشن رپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے 20 مارچ 2025 کو اسلام آباد میں منعقدہ اپنے 135ویں اجلاس میں ای او بی آئی کے پنشنرز کے لئے یکم جنوری 2025 سے پنشن میں 15 فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی اور اضافہ شدہ پنشن کے اخراجات سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت سے 5 ارب روپے کی امداد طلب کرتے ہوئے اپنی سفارشات کو حتمی منظوری کے لئے وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا ۔

وفاقی وزیر برائے وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے 30 اپریل کو ذرائع ابلاغ میں اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر ای او بی آئی کی پنشن میں اضافہ کا باضابطہ اعلان کریں گے لیکن نامعلوم وجوہ کی بنا پر وزیر اعظم کی جانب سے یوم مئی کے موقع پر یہ اعلان نہ ہو سکا جس سے لاکھوں پنشنروں میں سخت مایوسی پھیل گئی تھی۔

باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اب یہ معاملہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھیجا گیا گیا ہے۔ دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال ای او بی آئی کے لاکھوں پنشنروں کا اپنی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔ جس کے نتیجہ میں ای او بی آئی کے لاکھوں پنشنروں میں سخت بے چینی اور مایوسی پائی جاتی ہے۔

دریں اثناء ای او بی آئی نے ماہ مئی کی پنشن کی ادائیگی کے لئے اپنے مقررہ بینک الفلاح لمیٹڈ کو چار ارب 81 کروڑ روپے روپے سے زائد کے فنڈ جاری کر دیئے ہیں جس کے بعد 2 جون سے ملک بھر میں بینک الفلاح کی اے ٹی ایم کے ذریعہ پنشن تقسیم کا آغاز کیا جائے گا۔ جس سے ملک بھر میں 431,346 بزرگ، معذورین، بیوگان اور یتامیٰ پنشنرز مستفید ہوں گے۔

NO COMMENTS