محققین نے انٹر نیشنل کانفرنس میں ’تھرڈ پلیس پوسٹر ایوارڈ‘ جیت لیا، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کا بیان
ایچ ای جے انسٹیٹیوٹ کے طالب علموں نے امریکن کیمیکل سوسائٹی کی نفرنس میں یہ اعزاز حاصل کیا
کراچی: ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے چار پی ایچ ڈی طالبِ علموں میں سے دو طالبِ علم سنعیہ خورشید اور محمد علی منہاس نے قطر میں حال ہی میں منعقدہ امریکن کیمیکل سوسائٹی قطر چیپٹر اور آر ایس سی ریجنل ایم ای اے کانفرنس2024ء میں ”تھرڈ پلیس پوسٹر ایوارڈ“ اپنے نام کر لیا ہے۔ کانفرنس میں دنیا بھر کے اسکالروں کے300پوسٹرز کے درمیان مقابلہ تھا جس میں پاکستانی طالبِ علموں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق سنعیہ خورشید، محمد علی منہاس، امبر بانو اور دائم آصف گزشتہ ماہ امریکن کیمیکل سوسائٹی کی ٹریول گرانٹ جیتی تھی جس کے تحت ان چاروں طالبِ علموں نے3سے5نومبر کے درمیان قطر میں جاری امریکن کیمیکل سوسائٹی قطر چیپٹر اور آر ایس سی ریجنل ایم ای اے کانفرنس2024ء میں شرکت کی تھی۔
چاروں طالبِ علموں کے سپر وائزر ڈاکٹر عمران ملک نے کہا ہے کہ ہمارے طالبِ علموں کی کامیابی قابلِ فخر ہے جنھوں نے صرف جامعہ کراچی کا ہی نام روشن نہیں کیا بلکہ پورے ملک کا نام تحقیقی دنیا میں روشن کیا ہے جس کہ وجہ ان کی محنت اور کام کے ساتھ خلوص ہے۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کامیاب طالب علموں اور اُن کے سپروائزر ڈاکٹر عمران ملک کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی سے مسلسل لائق محققین کی فراہمی جاری ہے جس سے یہ ظاہر ہے کہ ہمارے ادارہ سائینسی تحقیق کو فروغ دینے کے لیے پُر عزم ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمننے بھی ان ہونہار طالبِ علموں کو ان کی میا بی پر مبارکباد دی ہے۔