کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 700 نئے اراکین کے لیے پلاٹس کی الاٹمنٹ، ہاکس بے ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاکس میں ترقیاتی منصوبوں اور لیز کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، اور سعید غنی بھی موجود تھے۔
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے وزیر اعلیٰ سندھ کا استقبال کیا اور پریس کلب کی گرانٹ میں اضافے پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران صحافیوں کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت ہوئی، جن میں لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے پلاٹس کی الاٹمنٹ، باؤنڈری وال کی تعمیر اور صحافی کالونی کے ترقیاتی کام شامل ہیں۔
مراد علی شاہ نے پریس کلب کے ممبران کو درپیش مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے، اور میڈیا کو حقائق پر مبنی معلومات عوام تک پہنچانی چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی پریس کلب اور صحافیوں کے دیرینہ مسائل جلد حل کیے جائیں گے اور نومبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ پریس کلب کا دورہ کریں گے تاکہ کیے گئے وعدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام 2024 کے پیپلز پارٹی کے منشور کا حصہ ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عدالتی اصلاحات پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور این ایف سی ایوارڈ سمیت دیگر اہم معاملات پر بھی پیش رفت جاری ہے۔