نامور عالم دین، مفسر قرآن، دانشور، متعدد کتابوں کے مصنف اور جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی تاریخ پیدائش 25 ستمبر 1903ء ہے۔
مولانا ابوالاعلیٰ مودودی اورنگ آباد (حیدرآباد دکن) میں پیدا ہوئے تھے۔ 1932ء میں آپ نے ’’ترجمان القرآن‘‘ جاری کیا۔ علامہ اقبال کی خواہش پر آپ نے پنجاب کو اپنی سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنایا اور 26 اگست 1941ء کو لاہور میں 75 افراد کے اجتماع میں جماعت اسلامی کی تشکیل کی۔ بعدازاں آپ پٹھان کوٹ منتقل ہوگئے اور وہاں دارالاسلام کی بنیاد ڈالی۔
قیام پاکستان کے بعد آپ نے لاہور میں اقامت اختیار کی۔ 1953ء میں ’’تحریک ختم نبوت‘‘ کے سلسلہ میں آپ کو سزائے موت سنائی گئی جو بعدازاں منسوخ کردی گئی۔ ایوب خان کے دور حکومت میں جماعت اسلامی پر پابندی عائد ہوئی۔ 1972ء میں آپ کی مشہور تفسیر ’’تفہیم القرآن‘‘ مکمل ہوئی۔ اسی برس آپ ضعیفی اور علالت کی وجہ سے جماعت کی امارت سے دستبردار ہوگئے۔
یکم مارچ 1979ء کو آپ کو پہلا شاہ فیصل ایوارڈ دیا گیا۔ اسی برس 27 مئی 1979ء کو آپ اپنے علاج کے لئے امریکا روانہ ہوئے جہاں 22ستمبر 1979ء کو آپ کا انتقال ہوگیا۔ 25 ستمبر 1979ء کو آپ کو ذیلدار پارک، منصورہ (لاہور) میں سپرد خاک کردیا گیا۔