منگل, اگست 18, 2026

لاپتہ بچی آیت نور کی بحفاظت بازیابی کے لیے گرینڈ سرچ آپریشن

ہری پور: لاپتہ بچی آیت نور کی بحفاظت بازیابی کے لیے گرینڈ سرچ آپریشن، پولیس کی عوام سے تعاون کی اپیل

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کی خصوصی ہدایت اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن شبیر حسین شاہ کی زیرِ نگرانی، لاپتہ بچی ‘آیت نور’ کی تلاش اور بحفاظت بازیابی کے لیے تھانہ ٹی آئی پی اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں ایک گرینڈ سرچ آپریشن کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق، اس وسیع پیمانے پر کیے گئے سرچ آپریشن میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز/انویسٹی گیشن محمود تنویر، ڈی ایس پی سٹی سجاد خان، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، لیڈیز پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ پولیس کی جانب سے تشکیل دی گئی مختلف ٹیموں نے ٹی آئی پی اور ملحقہ علاقوں میں گلی محلوں، گھروں، خالی پلاٹوں اور دیگر مشتبہ مقامات کی مکمل سرچنگ کی۔ اس دوران متعدد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور اہم معلومات بھی اکٹھی کی گئیں۔

پولیس حکام کے مطابق، آیت نور کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور بچی کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے سرچ آپریشن کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ جب تک آیت نور کو بازیاب نہیں کروا لیا جاتا، سرچ اور تفتیشی کارروائیوں کو مزید مؤثر بناتے ہوئے تمام ممکنہ پہلوؤں پر تیزی سے کام جاری رکھا جائے۔

دوسری جانب، ہری پور پولیس نے مقامی عوام سے بھی پرزور اپیل کی ہے کہ وہ گمشدہ بچی کی تلاش میں پولیس کا ساتھ دیں۔ پولیس دن رات بچی کی تلاش کے لیے کوشاں ہے۔ اگر کسی بھی شہری کو لاپتہ بچی آیت نور کے حوالے سے کوئی بھی معلومات حاصل ہوں، تو وہ بلا جھجک براہ راست ڈی پی او ہری پور کو مطلع کر سکتے ہیں۔ پولیس کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ وفاقی اردو یونیورسٹی سے صحافت میں گولڈ میڈلسٹ ہیں ، ترکی اور بنگلہ دیش سمیت دیگر بین الاقوامی سطح پر رپورٹنگ بھی کر چکے ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں