ہری پور : حلقہ پٹوار جب کے عوام اپنے حلقے کے پٹواری کے دہرے چارج کی وجہ سے شدید پریشان ہیں ، جب ، سنجلیالہ سمیت دیگر متعلقہ علاقوں کے افراد کے ڈپٹی کمشنر ہری ہور سے مطالبہ کیا ہے کہ حلقہ جب کے پٹواری کو ایک چارج دیں یا حلقہ میں نیا پٹوری فوری پر تعینات کریں ۔
تحصیل خان پور کی ویلج کونسل جب کے عوام نے حلقہ پٹوار جب کے پٹواری شعیب کو سروس ڈیلیوری سنٹر (SDC) خان پور اور حلقہ پٹوار جب کا بیک وقت ڈبل چارج دیئے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ پٹواری کی زیادہ تر ڈیوٹی SDC خان پور میں ہونے کے باعث وہ اپنے حلقہ پٹوار میں دستیاب نہیں ہوتے، جس کے نتیجے میں انتقالات، فردات، نقول، رجسٹری اور دیگر ریونیو امور کے لیے آنے والے شہری روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔
عوام کے مطابق پٹواری نے سرکاری پٹوار خانہ قائم کرنے کے بجائے اپنی ذاتی دکان میں، جو ویلج کونسل بریلہ میں واقع ہے، دفتر بنا رکھا ہے، جبکہ یہ مقام ویلج کونسل جب سے تقریباً 14 کلومیٹر دور ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ دفتر اکثر بند رہتا ہے، جس کی وجہ سے انہیں بار بار چکر لگانے پڑتے ہیں اور وقت و اخراجات دونوں کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔
اہلیانِ علاقہ نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر اس پٹوار خانے کا آج تک اسسٹنٹ کمشنر خان پور کی جانب سے معائنہ کیوں نہیں کیا گیا؟ کیا یہ پٹوار خانہ اسسٹنٹ کمشنر خان پور کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا؟ عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کی خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔
اہلِ علاقہ نے ڈپٹی کمشنر ہری پور سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، پٹوار خانے کا معائنہ کرایا جائے، عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے اور ریونیو خدمات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ۔
