اتوار, اپریل 26, 2026

واحد بن ہاشم روزنامہ جنگ کراچی سے 48 برس کی ملازمت کے بعد ریٹائر

پاکستانی پرنٹ میڈیا ایڈورٹائزمنٹ کی انتہائی تجربہ کار اور معروف شخصیت واحد بن ہاشم جنگ گروپ میں مسلسل 48 برس تک نمایاں طور پر خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ہو گئے۔

انہوں نے 20 اپریل 1978 کو 29 برس کی عمر میں روزنامہ جنگ کراچی کے ایڈورٹائزنگ اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ میں شمولیت اختیار کی تھی اور شعبہ اشتہارات میں31 برس تک نمایاں خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں ملازمت سے ریٹائر ہوگئے تھے۔

روزنامہ جنگ کے بانی اور ایڈیٹر ان چیف میر خلیل الرحمٰن اور ان صاحبزادگان میر جاویدالرحمٰن اور میر شکیل الرحمٰن، جنگ گروپ کے منیجر ایڈورٹائزنگ اینڈ اکاؤنٹس واحد بن ہاشم کی اپنے پیشہ سے سچی لگن اور ان کی اعلیٰ صلاحیتوں کے بیحد معترف تھے۔لہذا 2009 میں واحد بن ہاشم کی ریٹائرمنٹ کے بعد جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمٰن نے واحد بن ہاشم کی جنگ گروپ کے لئے تین دہائیوں پر محیط گرانقدر خدمات اور اعلیٰ کارکردگی سے متاثر ہوکر ان کی خدمات دوبارہ حاصل کرلی تھیں۔

جس کے بعد واحد بن ہاشم کنٹریکٹ پر جنگ گروپ میں منیجر ایڈورٹائزنگ اینڈ اکاؤنٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دینے لگے اور 17 برس تک ملازمت انجام دینے کے بعد 18اپریل 2026 کو ریٹائر ہوگئے۔

اس طرح واحد بن ہاشم نے جنگ گروپ کے ایڈورٹائزنگ اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ میں کلیدی عہدہ پر مسلسل 48 برس تک نمایاں طور پر خدمات انجام دیں، جو پاکستان کی پرنٹ میڈیا کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے ۔

اس یادگار موقعہ پر جنگ گروپ کی جانب سے واحد بن ہاشم کے اعزاز میں ایک باوقارالوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں جنگ گروپ آف کمپنیز کے ایڈورٹائزمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان کی ادارہ میں 48 سالہ غیر معمولی خدمات اور پیشہ سےلگن کے اعتراف میں تعریفی کلمات کے ساتھ شیلڈ پیش کی گئی کہ آپ کی جنگ گروپ سے مستقل وابستگی اور بے مثال مہارت نے ہماری ادارہ کو سانچہ میں ڈھالا اور دفتری ساتھیوں کی نسلوں کو متاثر کیا ہے، ہم آپ کی شاندار میراث پر آپ کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ واحد بن ہاشم کامرس گریجویٹ کے علاوہ جرمن زبان میں کمیونیکیشن پوسٹ گریجویشن ڈپلومہ کے حامل ہیں اور پرنٹ میڈیا انڈسٹری میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے ایڈورٹائزنگ کے شعبہ میں نصف صدی کا غیر معمولی تجربہ رکھتے ہیں، واحد بن ہاشم روزنامہ جنگ کراچی کے بیمہ دار فرد کی حیثیت سے EOBI کے تاحیات اولڈ ایج پنشنر بھی ہیں ۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں