Home پاکستان سائٹ ٹاؤن کے اکاؤنٹنٹ نوید الحق ہرانی نے جعلی ٹھیکوں کے ریکارڈ...

سائٹ ٹاؤن کے اکاؤنٹنٹ نوید الحق ہرانی نے جعلی ٹھیکوں کے ریکارڈ توڑ دیئے

کراچی : مورڑو میر بہار ٹاؤن ضلع کیماڑی کے اکاؤنٹنٹ نوید الحق ہرانی ، ٹائون چیئرمین علی اکبر کے خلاف جنرل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن میدان میں آ گئے، مبینہ طور پر معاملات "عیدی” کے بعد ٹھبڈے ہو جائیں گے ۔ تاہم تحقیقاتی اداروں کی جانب سے بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایم پی اے علی احمد جان کے بھائی علی اکبر اور ضلع کیماڑی کے ٹائون میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) مورڑو میر بہار کے اکانوٹنٹ نوید الحق ہرانی کے خلاف کنٹریکٹرز میدان میں آ گئے ہیں اور سچ بولنے لگے ہیں ۔ جب کہ مذکورہ ٹاؤن میں کرپشن گزشتہ 7 برس سے عروج پر ہے جس میں گزشتہ 2 برس سے تیزی آئی ہے ۔ جس میں کنٹریکٹر بھی ملوث ہیں ۔

ٹائون میونسپل کارپوریشن مورڑو میر بہار کے اکاؤنٹنٹ نوید الحق ہرانی اصل میں ایم سی ماڑی پور جاوید قمر کا انتہائی خاص و شاگرد سمجھا جاتا ہے ۔ نوید الحق ٹائون میں جعلی بھرتیوں سمیت ، تنخواہوں میں ردوبدل ، فرضی ٹھیکوں کے بل کے ساتھ ساتھ سندھ بینک کی سائٹ برانچ کی معاونت سے جمع ہونے والے روڈ کٹنگ کے پے آرڈر کی رقم کو جعلی ٹھیکوں کی مد میں نکلوا لیتا ہے ۔

الرٹ نیوز کو حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق نوید الحق ہرانی کی جانب سے سندھ بینک کے سابق برانچ منیجر فہد احمد کی ملی بھگت سے ہزار سے زائد جعلی اکاؤنٹ کھولے گئے ۔ جو سیریل 03146404221000 سے شروع ہو کر سیریل 03149747251001 سے بھی آگے تک کھولے گئے ہیں ۔ 2021 کے بعد سے مسلسل کھولے جانے والے مذکورہ اکاونٹس کے حامل ملازمین آج تک نوکری پر آئے ہی نہیں ہیں ۔ جن کو دفتری اصطلاح میں ہیلی کاپٹر کہا جاتا ہے ۔

ہیلی کاپٹروں (جعلی ملازمین) کے اکائونٹس میں ماہانہ ڈالی گئی رقم مذکورہ اکاؤنٹنٹ کے قریبی ملازمین علی ، اکرام ، فیصل ، سجاد ، طہ ، محمد جواد خان سمیت دیگر کے ذریعے نکلوا کر برابر تقسیم کر لیتے ہیں ۔ ان ملازمین کی دستخط شدہ چیک بکس نوید الحق ہیرانی کے پاس موجود ہیں جن کے ذریعے تنخواہیں اکاؤنٹ میں آنے کے 2 روز بعد تک رقم نکلوائی جاتی ہے ۔

ادھر معلوم ہوا ہے کہ جنرل کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے ٹھیکیداروں کے فرضی ٹھیکوں کے بل رکنے کی وجہ سے انہوں نے شور شرابہ شروع کر دیا ہے ، ذرائع کا دعوی ہے کہ جلدی "عیدی” طے ہونے کے بعد معاملات حل ہو جائیں گے ۔ تاہم تحقیقاتی اداروں کی جانب سے جعلی بھرتیوں ، فرضی ٹھیکوں ، روڈ کٹنگ کے پے آرڈرز ہڑپنے سمیت دیگر دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کیخلاف بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔

اس حوالے سے نمائندہ الرٹ نیوز نے ٹائون میونسپل کارپوریشن مورڑو میر بہار کے اکاؤنٹنٹ نوید الحق ہرانی کا موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تاہم انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا ۔ البتہ ان کا موقف موصول ہونے کے بعد شائع کر دیا جائے گا ۔

NO COMMENTS

Exit mobile version