جمعہ, جنوری 16, 2026

کراچی میں مختلف مقامات پر 4 جنوری کو ہزارہ ڈے منایا جائے گا

کراچی : یوم ثقافت پوری دنیا میں 21 مئی کو منایا جاتا ہے تاہم دنیا بھر میں ہر قوم ، ملک ، صوبے اور برادریاں اپنے ثقافتی دن کو مختلف دنوں میں مناتی ہیں ، اسی مناسبت سے خیبر پختون خوا کے بجائے خود کو الگ صوبہ بنوانے کی خواہش رکھنے والے ہزادہ ڈویژن کے لوگ بھی کراچی سمیت دنیا بھر میں اپنا ثقافتی دن 4 جنوری کو مناتے ہیں ۔

کراچی میں ہزارہ کلچر ڈے 4 جنوری کو منایا جائے گا ۔ جس کے لئے ہزارہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ بعض جگہوں پر کسی ایک پارٹی اور بعض مقامات پر کسی ایک برادری کی جانب سے ہزارہ کلچر ڈے منانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جب کہ بعض مقامات پر مختلف برادریوں اور قبائل کی جانب سے اجتماعی طور پر کلچر ڈے کو منانے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔

اس حوالے سے سب سے بڑا اجتماع کالا پل گرائونڈ میں منعقد کیا جائے گا ، جس میں ہزارہ سے تعلق رکھنے والے مختلف قبائل کی جانب سے سرپرستی کی جا رہی ہے جس کو ہزارہ قبائل مشاورتی کونسل کا نام دیا گیا ہے ۔جو گزشتہ دو تین برس سے مسلسل منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ہر گزرتے سال کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط میں بہتری بھی آ رہی ہے ۔

اس کے علاوہ پرانا لیبر اسکوائر لانڈھی ، بلدیہ ٹائون فٹبال گرائونڈ نزد پولیس ٹریننگ سینٹر ، سی ویو ساحل سمندر پر بھی پاور شوز کیئے جائیں گے ۔ جہاں کراچی میں بسنے والے لاکھوں ہزارے وال فرزندان شریک ہونگے ۔ اس حوالے سے منتظمین نے مختلف سیاسی ، سماجی اور عوامی حلقوں میں ملاقاتوں اور دعوتوں کی مہم بھی جاری رکھی ہوئی ہے ۔

واضح رہے کہ "کچلر ڈے” یا ثقافتی دن کسی بھی قوم، علاقے یا ثقافت کے رسم و رواج، زبان، لباس، موسیقی، کھانوں اور طرز زندگی کو منانے کا دن ہوتا ہے ۔ جیسے کہ پنجاب میں پنجاب کلچر ڈے منایا جاتا ہے اور سندھ میں سندھ کلچر ڈے بھی منایا جاتا ہے ۔ یہ دن ثقافت اور شناخت کو فروغ دینے، اس کی حفاظت اور اسے سمجھنے کے لیے ہوتا ہے، جس میں قوم کی تاریخ، روایات اور رہن سہن کا اظہار کیا جاتا ہے ۔

تاہم ہزارے وال قوم کی جانب سے فی الوقت اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے مختلف مقامات پر اسٹیج لگا کر تقاریر کرنے اور بیانات کے ذریعے ہی ثقافت کو اجاگر کیا جاتا ہے ۔ جس میں روایتی رقص (گھمر) کیا جاتا ہے ، ہندکو میں گانے بھی گائے جاتے ہیں ۔ تاہم پنجاب میں اس دن کے موقع پر پنجابی زبان و پنجاب ادب کے فروغ ، پنجابی کلچر اور پنجاب کے روایتی کھانوں کے اسٹال لگا کر اسے اجاگر کیا جاتا ہے ۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں