کراچی : اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے پاکستان انفارمیشن کمیشن کے حکم پر شہری کو ممبران کی تعلیمی قابلیت کی لسٹ تو مہیا کر دی گئی مگر ادھوی ۔ لسٹ میں تعلیمی ڈگری اور تجربہ کی بابت معلومات کو اب بھی خفیہ رکھا گیا ہے ، شہری نے ادھوری معلومات کے باعث کیس کو مذید جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبران کی تعلیمی قابلیت اور متعلقہ تجربہ کی بابت شہری رضوان مجید نے ایک درخواست دی تھی جس کے باوجود اسلامی نظریاتی کونسل نے معلومات تک رسائی کے قانون پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنایا ۔ جس پر شہری رضوان مجید نے درخواست پر عمل درآمد کیلئے پاکستان انفارمیشن کمیشن سے رجوع کیا ، جس کے بعد پاکستان انفارمیشن کمیشن نے کونسل کو 30 ستمبر تک معلومات فراہم کرنے کا حکم جاری کیا تھا ۔
بالآخر اب اسلامی نظریاتی کونسل نے شہری کو ادھوری معلومات فراہم کی ہیں ۔ کونسل کے 20 ممبران کی لسٹ مع تعلیمی قابلیت بتائی گئی ہے جس میں مولانا راغب حسین نعیمی (چیرمین ) کی تعلیمی قابلیت پی ایچ ڈی اسلامک اسٹڈیز ، ایل ایل بی ، ایم اے عربی و معاشیات اور شہادت العالمیہ ہے ۔مولانا اللہ بخش کلیار (سابق رکن) کی تعلیمی قابلیت ایم اے عربی اور پی ایچ ڈی ہے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر ظفر اقبال چوہدری (سابق رکن) کی تعلیمی قابلیت بی اے ایل ایل بی ، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ ، ڈاکٹر عبدالغور راشد (سابق رکن) کی تعلیمی قابلیت پی ایچ ڈی ، عربی فاضل ، شہادت العالمیہ اور ایڈووکیٹ محمد جلال الدین ،(سابق رکن) کی تعلیمی قابلیت ایم اے LLB کے علاوہ فریدہ رحیم (سابق رکن) کی تعلیمی قابلیت MA اسلامک اسٹڈیز ، شہادت العالمیہ ہے ۔
اس کے علاوہ دیگر ممبران میں جسٹس ریٹائرڈ الطاف ابراہیم قریشی ، (سابق رکن) کی تعلیمی قابلیت ایم اے ۔ LLB ہے ۔ صاحبزادہ پیر خالد سلطان القادری (سابق رکن) کی تعلیمی قابلیت MA اسلامیات ہے ۔ ڈاکٹر عزیز الرحمن الازہری ، (رکن) کی تعلیمی قابلیت پی ایچ ڈی جامعہ ازہر ہے ۔ پیر شمس الرحمن مشہدی (رکن) کی تعلیمی قابلیت ایم اے عربی ہے ۔
ملک محمد یوسف اعوان (رکن) کی تعلیمی قابلیت شہادت العالمیہ ، دورہ قرآن و حدیث ہے ۔مولانا مفتی محمد زبیر حقنواز (رکن ) کی تعلیمی قابلیت شہادت العالمیہ اور تخصص فی الافتاء ، سید افتخار حسین نقوی (رکن) کی تعلیمی قابلیت فقہ اصول فقہ قم یونیورسٹی ایران ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد (رکن) پی ایچ ڈی اسلامیات اور شہادت العالمیہ ، پیر محمد حسان حسیب الرحمن (رکن) مذہبی تعلیم خانقاہ عیدگاہ میں حاصل کی ۔ حیران کن طور پر اس ممبر کی کوئی تعلیمی قابلیت ظاہر ہی نہیں کی گئی نہ تعلیمی قابلیت ہے ۔
حافظ طاہر محمود اشرفی (رکن) ، محمد شفیق خان (رکن) ، صاحبزادہ حافظ محمد امجد (رکن) کی تعلیمی قابلیت شہادت العالمیہ ہی ہے ۔اس کے علاوہ سید سعید الحسن (رکن) کی تعلیمی قابلیت ایم اے عربی اور سید عتیق الرحمن بخاری (رکن) کی تعلیمی قابلیت ایل ایل ایم ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملایشیا ، ایل ایل بی ، اور ایم اے اردو ہے ۔
شہری نے اپنی درخواست میں ممبران کی تعلیمی ڈگری اور ان کا تجربہ مانگا تھا جس کو چھپایا جا رہا ہے کیوں کہ متعدد ممبران کے پاس تجربہ ہی نہیں ہے اور بعض کے پاس ڈگری بھی موجود نہیں ہے ۔ تاہم بعض ممبران کو بریلوی مسلک کے کوٹہ پر اور بعض کو دیوبندی اور اہل تشیعہ کی کوٹہ پر سفارشی طور پر ممبر بنایا گیا ہے ۔ کیوں کہ اہل سنت دیوبندی ، بریلوی اور اہل تشیعہ میں حالیہ ممبران سے زیادہ تعلیمی قابلیت اور تجربے کے حامل علمائے کرام موجود ہیں جو کاسہ لیسی اور سفارش نہ ہونے کی وجہ سے ممبر نہیں بن سکے ۔
