اسلام آباد: پاکستان کی حالیہ عظیم کامیابی اور قومی وحدت کے جذبے کے تحت آج اسلام آباد میں دینی مدارس کے طلبہ اور علماء کرام کی جانب سے "بنیان مرصوص ریلی” کا انعقاد کیا گیا۔ یہ عظیم الشان ریلی نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے سے نکالی گئی، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام قابلِ ذکر دینی مدارس کے قافلے شریک ہوئے۔ریلی میں علمائے کرام اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی، جو نظم و ضبط اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز کے لیے نیک تمناؤں اور خوشی کا اظہار کر رہے تھے۔ فضا نعرۂ تکبیر، پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد اور اتحادِ امت کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ریلی کی قیادت نامور علمائے کرام کر رہے تھے جن میں مولانا نذیر فاروقی، مولانا ظہور احمد علوی، مولانا عبدالغفار، مولانا مفتی عبدالرحمن، مولانا مفتی اویس عزیز،مولانا عبدالقدوس محمدی، مولانا مفتی عبدالسلام، مولانا نعمان حاشر، مولانا عبدالکریم، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا مفتی مجیب الرحمن، مولانا ولی اللہ، مولانا عبدالمجید ہزاروی، مولانا قاری فضل ربی، مولانا حماد اسحاق، مولانا عبدالماجد، مولانا تنویر علوی اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر قائدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس ہمیشہ ملک و ملت کی وحدت، استحکام اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ رہے ہیں۔ ریلی کا مقصد پاکستان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرنا اور اتحاد و یکجہتی کا عملی پیغام دینا تھا۔شرکاء نے پُرامن انداز میں مارچ کیا اور یہ ریلی ملک بھر کے لیے دینی قوتوں کی یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کا ایک نمایاں مظاہرہ بن گئی۔