بدھ, جون 25, 2025

امریکی صدر ٹرمپ کے دورۂ خلیجی ممالک پر پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں کا شدید ردعمل

امریکی صدر ٹرمپ کے دورۂ خلیجی ممالک پر پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں کا شدید ردعمل
عرب حکمرانوں کی تہذیبی بے حسی، امریکی غلامی اور اسرائیل نوازی پر کڑی تنقید

اسلام آباد: پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات حافظ منیر احمد، سرپرست مولانا مفتی رویس خان ایوبی، مولانا عبدالقیوم حقانی ،نائب امیر مولانا عبدالرزاق اور دیگر مرکزی راہنماؤں مولانا رشید احمد درخواستی، مولانا تنویر الحق تھانوی، مولانا شبیر احمد کشمیری، چوہدری خالد محمود ایڈووکیٹ، مولانا رمضان علوی، مولانا قاری اللہ داد، مفتی محمد نعمان پسروری، مولانا عبدالحفیظ محمدی، مولانا ثناء اللہ غالب، مولانا عبدالحسیب خوستی، مولانا محمد امین، مولانا قاسم عباسی، مولانا حافظ علی محی الدین، مولانا قاری عثمان رمضان، سعید احمد اعوان، مولانا امجد محمود معاویہ، مولانا صاحبزادہ نصرالدین خان عمر، مفتی جعفر طیار، مولانا عطاء اللہ علوی، مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن آرائیں، مولانا عبید الرحمن معاویہ اور ذوالفقار گل ایڈووکیٹ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورۂ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب حکمرانوں نے محض امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے جس طرح اپنی اسلامی تہذیب، قومی خودداری اور دینی غیرت کو پامال کیا ہے، وہ عالم اسلام کے لیے باعث شرم و ننگ ہے۔پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں نے کہا کہ ٹرمپ جس نے اپنے دور صدارت میں نہ صرف بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا بلکہ "براہم اکارڈ” جیسے اسلام دشمن معاہدات کے ذریعے مسلم حکمرانوں کو صیہونی ریاست کے سامنے جھکنے پر مجبور کیا، اس کا پروٹوکول کے ساتھ استقبال، تمغے پہنائے جانا اور اسلامی شعائر کے ساتھ منافقانہ انداز میں فوٹو سیشن کروانا عرب حکمرانوں کی فکری غلامی اور دینی بے حمیتی کی علامت ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ یہ رویہ نہ صرف امت مسلمہ کے جذبات سے کھلا مذاق ہے بلکہ فلسطینی مظلوموں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے اور براہم اکارڈ جیسے معاہدات کا حصہ بننے والے مسلم حکمران تاریخ میں امت کی خیانت کے مجرم تصور کیے جائیں گے۔

پاکستان شریعت کونسل کے راہنماؤں نے عالم اسلام کے حقیقی اہل علم، دینی قیادت اور باشعور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امت مسلمہ کو صیہونی ایجنڈے کے تابع کرنے کی ان سازشوں کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں اور اسلامی حمیت، خودداری اور فلسطینی مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کے تقاضے پورے کریں۔

جاری کردہ: عبدالرؤف محمدی
ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان شریعت کونسل

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں