خان پور: مرکزی جمعیت اہلحدیث خان پور کے زیر اہتمام نو تعمیر شدہ مسجد دارالاسلام ماڈل ٹاؤن اے کے افتتاحی خطبہء جمعہ سے خطیب پاکستان قاری محمد خالد مجاہد آف پتوکی نے خصوصی خطاب کیا۔
قاری محمد خالد مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیکی کرنے والا ہر انسان اللہ پاک کے اجر کا مستحق ٹھہرتا ہے۔ ہر کام میں طریقہ نبوی ﷺ کو اختیار کرنا ہی حقیقی نیکی ہے، اور اس پر عمل کرنے والے کو اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں داخل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی خدمت، نماز کی پابندی، حقوق العباد کی ادائیگی، اور قرآن کریم کی تلاوت سے دنیا و آخرت سنورتی ہے، اور یہی حقیقی کامیابی ہے۔
انہوں نے موجودہ معاشرتی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں اخلاقی گراوٹ، بے راہروی، منشیات کا استعمال، اور سوشل میڈیا کا منفی اور بے جا استعمال معاشرتی اقدار کو متاثر کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مسائل کے حل کے لیے سب کو قرآن اور صاحبِ قرآن کی سچی تعلیمات کی طرف لوٹنا ہوگا۔
قاری خالد مجاہد نے بیٹیوں کی پرورش کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس نے دو بیٹیوں کی پرورش کی، اسے نبی پاک ﷺ کی جنت میں رفاقت نصیب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیکی کا دامن کبھی نہ چھوڑیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نیکی کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں ان کا اجر عطا کرتا ہے۔
مسجد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جس نے دنیا میں مسجد بنائی، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اسے جنت میں محل عطا کرے گا، اور یہ اجر عظیم کا مستحق ہوگا۔
افتتاحی خطبہ کے بعد سینکڑوں شرکاء نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر امت مسلمہ کی بھلائی، مظلوم فلسطینیوں کے حق میں، اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سالمیت و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔