منگل, فروری 4, 2025

حب کینال کی بحالی اور نئے منصوبے سے ضلع کیماڑی اور غربی میں پانی کی فراہمی میں بہتری کی توقع

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سی او او کی جمیعت علمائے اسلام کے وفد سے ملاقات: حب کینال کی بحالی اور نئے منصوبے پر بات چیت

کراچی: سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان سے جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فراہمی و نکاسی آب کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی او او واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر ضلع کیماڑی اور ضلع غربی میں پانی کی مزید بہتری کے لیے حب کینال کی بحالی اور ایک نئی کینال کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ منصوبہ 12.76 بلین روپے کی فکس لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جس کے تحت حب پمپنگ اسٹیشن، رائزنگ مین، اور حب فلٹر پلانٹ کو 80 سے 100 ملین گیلن روزانہ کی گنجائش تک اپ گریڈ کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل اگلے ایک سال میں متوقع ہے، جس سے ان اضلاع میں پانی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وفد نے مختلف علاقوں کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے سائٹ ٹاؤن، ماری پور ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، مومن آباد، اورنگی ٹاؤن اور منگھو پیر کے مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔ سی او او نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور موقع پر متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایات دیں۔

سی او او نے مزید کہا کہ واٹر کارپوریشن کے سسٹم میں روزانہ 650 ملین گیلن پانی دستیاب ہے، جو موجودہ ضرورت 1200 ملین گیلن سے کافی کم ہے۔ تاہم، اس کے باوجود، شہر بھر میں پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

قاری محمد عثمان نے واٹر کارپوریشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پانی کی کمی کے باوجود منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے میں مزید اقدامات کریں گے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ پانی کے ضیاع کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان عبدالقادر شیخ نے کہا کہ کارپوریشن مختلف مساجد، مدارس، ہسپتالوں، اور عوامی ٹینکوں کو سرکاری ہائیڈرنٹس کے ذریعے رعایتی نرخوں پر پانی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

اس ملاقات میں جے یو آئی کے دیگر رہنما اور واٹر کارپوریشن کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں