اتوار, دسمبر 8, 2024

پنجاب اسمبلی نے انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی

لاہور: پنجاب اسمبلی نے خواتین اور بچوں کے اندرون و بیرون ملک انسانی سوداگری اور سمگلنگ کے خاتمے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، یہ کمیٹی 29 اکتوبر 2024 کو اسمبلی کے اجلاس میں ایک قرارداد کی متفقہ منظوری کے بعد بنائی گئی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے عظمیٰ کاردار نے خصوصی کمیٹی بنانے کی قرارداد پیش کی تھی جس کو سپیکر پنجاب اسمبلی نے منظور کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دئیے تھے، سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے گزشتہ روز کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ایم پی اے عظمیٰ کاردار کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا ہے۔ کمیٹی میں ایم پی اے اسماء احتشام الحق ، وقار احمد چیمہ ، سید رفعت محمود ، طارق سبحانی ، محمد عون حمید ، عدنان افضل چٹھہ ، سارہ احمد ، زرناب شیر ، چوہدری اعجاز ، اسماء ناز اور خالد محمود رانجھا پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و پارلیمانی امور کمیٹی کے ممبرز ہیں ، اس کمیٹی کا مقصد انسانی سمگلنگ ( TIP) اور اسمگلنگ آف مائیگرینٹس (SOM) کے مسائل سے نمٹنے کے لیے پالیسیوں اور حکمت عملیوں کو تشکیل دینا ہے ،

ایم پی اے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ یہ کمیٹی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور غیر قانونی مہاجرین کی سمگلنگ کے قانون 2018 کے نفاذ پر ضلعی اور صوبائی سطح کے اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کرے گی اور شہریوں کو اسمگلنگ سے بچانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے گی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) سید کوثر عباس نے کمیٹی کی تشکیل پر کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی یہ کاوش قابل تعریف ہے۔ یہ انسانی سمگلنگ کے خاتمے اور کمزور اور معصوم لوگوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ایس ایس ڈی او حکومتی اداروں کو اس مشن میں تکنیکی معاونت اور آگاہی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی ، انھوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت پنجاب حکومت کے انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی سمگلنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں