اتوار, دسمبر 22, 2024

کراچی: سرکاری اسکولوں کی کتابیں اور کاپیاں فروخت کرنے والا گروہ بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

کراچی (خالد زمان تنولی): کراچی میں سرکاری اسکولوں کے لیے مختص کتابیں اور کاپیاں مبینہ طور پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں سرکاری اسکولوں کی کتابیں اور کاپیاں برآمد کرلی ہیں۔ ان کتابوں اور کاپیوں کو ایک گھر میں چھپایا گیا تھا، جہاں سے انہیں مختلف دکانوں پر فروخت کیا جاتا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کے خلاف سرکاری مدعیت میں شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ سندھ ٹیکسٹ بورڈ اور محکمہ تعلیم کے عملے کے کچھ اہلکاروں کے ساتھ مل کر اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث تھے۔ ملزمان نے مزید بتایا کہ وہ سرکاری کتابوں اور کاپیوں کے کور تبدیل کرکے انہیں مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان محمود آباد، ملیر اور کورنگی کے مختلف دکان داروں کو یہ کتابیں اور کاپیاں فراہم کرتے تھے۔ برآمد شدہ کتابیں مختلف مضامین کی ہیں اور ان میں سرکاری اسکولوں میں مفت فراہم کی جانے والی کتابیں شامل ہیں۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی بے نقاب کیا جاسکے۔

محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران نے بھی معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ اس انکشاف کے بعد والدین اور تعلیمی حلقوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں