اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے ساتھ انتہائی نتیجہ خیز گفتگو ہوئی، سی پیک کے تحت اہم اقدامات پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار اور ان پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ پیر کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ چین کے وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، معیشت ، زراعت ، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری تذویراتی شراکت داری اور ہمارے بنیادی مسائل پر مفاہمت علاقائی استحکام اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل کی تقریب کی مشترکہ صدارت کی اور اہم مفاہمت کی یادداشتوں کی دستاویزات کے تبادلے کی تقریب میں شریک ہوئے جن سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ ہو گا۔