Home تازہ ترین انٹر بورڈ کراچی کا انٹر میڈیٹ کامرس حصہ دوم کے نتائج...

انٹر بورڈ کراچی کا انٹر میڈیٹ کامرس حصہ دوم کے نتائج کا اعلان

125

کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر نسیم احمد میمن نے انٹرمیڈیٹ حصہ دوم کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کے کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

ناظم امتحانات انٹر بورڈ ظہیر الدین بھٹو نے نتائج کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن کامکس کالج کی طالبہ سیلینا بوڈانی بنت دلیپ کماررول نمبر 220232 نے ٹوٹل 1100میں سے 988نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی۔

دوسری پوزیشن بھی کامکس کالج کی طالبہ عشبہ علی بنت سید محمد علی رول نمبر 220238 نے 981 نمبرز اے ون گریڈ لے کر جبکہ تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کی طالبہ اصباح سعید بنت محمد سعید طالب رول نمبر 228285 نے 978 نمبرزاے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 37 ہزار 82 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 36ہزار 604امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 17ہزار 312امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 47.30 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 313 امیدوار اے ون گریڈ، 1553 اے گریڈ، 3803 بی گریڈ، 6640 سی گریڈ، 4619 ڈی گریڈ اور 384امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ (Android App) کے ذریعہ بھی معلوم کر سکتے ہیں۔اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔ کامرس ریگولر گروپ کے نتائج کے مطابق 8 تعلیمی اداروں کے نتائج صفر فیصد رہے۔

صفر فیصد نتائج حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں میں گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج شاہنواز شر گوٹھ، حسینی گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول، ڈاکٹر ضیاء الدین انٹرمیڈیٹ کالج، علی انٹرمیڈیٹ کالج، ہمدرد کالج آف سائنس اینڈ کامرس، دی پیراڈائز کالج، حبیب اکیڈمی ہائیر سیکنڈری اسکول کورنگی ساڑھے پانچ اور تکبیر ہائیر سیکنڈری اسکول شامل ہیں۔

چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن نے اس موقع پر بتایا کہ اب جبکہ انٹرمیڈیٹ کے تمام گروپس کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے تو انٹربورڈ بہت جلد پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب منعقد کرے گا جہاں اہم شخصیات کے ہاتھوں سے طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔