ایران نے اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ کی دھمکی کے جواب میں جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں، اسرائیل نے حملہ کیا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ تہران پر حملہ مہلک، متناسب اور حیران کن ہو گا۔ ان کا کہنا تھا ایران کے میزائل حملے جارحانہ تھے لیکن نشانہ درست نہ ہونے سے ناکام ہوئے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی کے جواب میں ایران کے جنرل مرتضیٰ نے بھی جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں، اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔
ایرانی جنرل کا کہنا تھا ایک بھی حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے، ایران پر کوئی بھی اسرائیلی حملہ ایسا نہیں ہوگا جس کا جواب نہ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا اسرائیل کے اندر اپنی مرضی کے اہداف کو نشانہ بنایا، ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ملک ناکام رہے۔
یاد رہے کہ ایران نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر 190 میزائل داغے تھے جس میں اسرائیل کی 3 ائیر بیسز اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایران کی القدس فورس نے اسرائیل پر حملے میں 90 فیصد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایران کے زیادہ تر میزائل تباہ کر دیے تھے، کچھ میزائل اسرائیل کی حدود میں گرے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں اسرائیل کے وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے حالیہ میزائل حملے کا جواب ’مہلک‘ اور ’حیران کن‘ ہوگا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع یووگیلنٹ نے فوجی دستوں سے خطاب میں کہا ’ہمارا حملہ مہلک، عین مطابق اور اس سے بڑھ کر حیران کن ہوگا۔ یہ سمجھ ہی نہیں سکیں گے کہ کیا ہوا ہے اور کیسے ہوا۔ ان کو نتائج کا پتا چل جائے گا۔‘
’جو بھی ہم پر حملہ کرے گا اس کو نقصان پہنچے گا اور اس کو نتائج بھگتنا پڑیں گے۔‘
دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور صدر جو بائیڈن کے درمیان جمعرات کو 7 ہفتوں میں پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرین جین کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان بات چیت سود مند رہی۔ منگل کو نیتن یاہو نے خبردار کیا کہ لبنان کا بھی غزہ والا ہی حشر ہو گا اگر اس کے لوگ حزب اللہ کے خلاف نہ اٹھ کھڑے ہوئے۔