اقوام متحدہ: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگرفریق رضامند ہوں تو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز میں جوہری تنازع پر مذاکرات کے لیے ایران تیار ہے۔ رائٹرز کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یہ بیان انسٹاگرام چینل پر ایک جاری وڈیومیں دیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ چند دن مزید نیویارک رکیں گے اور اس دوران مختلف وزرائے خارجہ سے ملاقات بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کاوشوں کا رخ جوہری معاہدے سے متعلق بات چیت کا نیا دور شروع کرنے پر مرکوز رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ابھی انٹونی بلنکن سے ملاقات یا بات چیت مفید ثابت نہیں ہو گی۔ ایسی کچھ ملاقاتیں پہلے ہوئی ہیں لیکن یہ مناسب وقت نہیں ہے۔ ہمیں براہ راست مذکرات کے لیے ابھی طویل راستہ طے کرنا ہے۔