کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجا اظہر نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کے نام پر صرف کھدائی اور عوام کو اذیت دینے کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
راجا اظہر نے کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا ڈیزائن شہریوں کی توقعات کے برعکس ہے اور عوام نے اسے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ اس انڈر پاس کے چیف انجینئر خود منصوبے کی لاگت، کل پیمائش اور ڈیزائن سے متعلق بنیادی معلومات سے لاعلم ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب منصوبے کا ذمہ دار افسر ہی تفصیلات سے آگاہ نہیں تو یہ منصوبہ کس کی نگرانی میں اور کس نیت کے تحت بنایا گیا ہے؟ یہ صورتحال سندھ حکومت کی سنجیدگی پر سوالیہ نشان ہے۔راجا اظہر نے مزید کہا کہ انڈر پاس کے باقاعدہ افتتاح سے پہلے ہی گاڑیوں کی آمدورفت کی اجازت دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ جب تک منصوبہ سو فیصد مکمل نہ ہو جائے، شہریوں کو محفوظ اور مؤثر متبادل راستے فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ کسی بھی حادثے یا پریشانی سے بچا جا سکے ۔
راجا اظہر نے مئیر کراچی کی حالیہ سرگرمیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے سنگین مسائل کے بجائے نمائشی اقدامات پر توجہ دینا عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔راجا اظہر نے کہا کہ مئیر کراچی کا اسکوٹر پر سفر کرنا محض شوبازی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور جگہ جگہ کھدائی کے باعث شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ مئیر کراچی ان سڑکوں پر بھی سفر کرتے جو ان کی اپنی حکومت نے ادھیڑ کر چھوڑ دی ہیں تاکہ انہیں شہریوں کی مشکلات کا حقیقی اندازہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے نام پر سڑکیں کھود کر چھوڑ دی گئی ہیں، نہ تو ان کی بروقت مرمت کی جا رہی ہے اور نہ ہی متبادل راستوں کا کوئی مناسب انتظام کیا گیا ہے، جس کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
راجا اظہر کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی بدانتظامی، ٹریفک جام، ٹوٹے ہوئے انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باوجود نمائشی اقدامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ عوام کو عملی کام اور ریلیف درکار ہے، نہ کہ وقتی تصویری مہمات۔انہوں نے مزید کہا کہ مئیر کراچی کو چاہیے کہ وہ تشہیری سرگرمیوں کے بجائے شہر کی بحالی، سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہری سہولیات کی فراہمی پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ادھورے ترقیاتی کام ٹریفک کے شدید مسائل، کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ اور شہریوں کی روزمرہ زندگی کو مفلوج کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ منصوبہ بندی کے بغیر کام شروع کرنے کے بجائے پہلے جامع حکمت عملی تیار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے سے بننے والے منصوبوں میں شفافیت نہ ہونا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ہر منصوبے کی لاگت، مدت تکمیل اور معیار کے حوالے سے معلومات عوام کے سامنے لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
راجا اظہر نے مزید کہا کہ اگر منصوبوں کی نگرانی مؤثر نہ ہو تو نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ عوام کا اعتماد بھی بری طرح مجروح ہوتا ہے۔ ایسے منصوبے کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کی واضح مثال بن جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بہتر انفراسٹرکچر اور معیاری ترقیاتی منصوبوں کی فراہمی شہریوں کا حق ہے، مگر سندھ حکومت مسلسل نااہلی اور ناقص منصوبہ بندی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ شہری مسائل کو سنجیدگی سے حل نہ کیا گیا تو پاکستان تحریک انصاف کراچی اس نااہلی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی اور عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی ۔



