کراچی : کراچی ضلع کیماڑی کے علاقے شیریں جناح کالونی کے آئل ایریا (میدانی) میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب آگ بھڑک اٹھی ۔ آگ آئل ڈپو کے بالکل قریب لگی ، جس پر جلد قابو پا لیا گیا ، آئل مافیا کی غفلت کی وجہ سے آگ لگنے کا ناخوش گوار واقعہ پیش آیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شیریں جناح کے علاقے میدانی اور آئل ڈپو کے درمیان جھونپڑے نما ٹھیئے قائم ہیں ، جہاں آئل ڈپو سے ڈیزل اور پٹرول کی لوڈ ہو کر آنے والی گاڑی سے ڈیزل اور پٹرول چوری کیا جاتا ہے ، جس میں تھانہ جیکسن اور تھانہ بوٹ بیسن کی چوکیوں کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے عرصہ دراز سے چوری کی وارداتیں جاری ہیں ۔
ٹینکر سے پٹرول اور ڈیزل چوری کرنے کیلئے لوڈڈ گاڑی کو جھونپڑے کے پاس کھڑا کیا جاتا ہے اور لگ بھگ ایک گاڑی سے 1 سے 3 ڈرم ڈیزل و پٹرول چوری کیا جاتا ہے ۔ جس کے بعد اس چوری شدہ پٹرول و ڈیزل کو قرب و جوار میں موجود گودام میں ڈمپ کیا جاتا ہے ۔ بعد ازاں چھوٹے ٹینکروں کے ذریعے ڈیزل و پٹرول شیریں جناح کے تمام پٹرول پمپوں پر فراہم کیا جاتا ہے ۔

منگل اور پیر کی درمیانی شپ جھونپڑوں میں موجود منشیات استعمال کرنے والے ڈیزل و پٹرول مافیا کی غفلت سے آگ بھڑگ گئی ۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے جھونپڑوں کے علاوہ تین سے چار ٹینکروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔ جس کے بعد قریبی آئل ٹرمینل کی جانب سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھیجیں جس کے باوجود 3 گھنٹوں کی مسلسل کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ہے ۔
معلوم رہے کہ چند فرلانگ کے فاصلے پر آئل ڈپو کی دیوار ہے ، جہاں سے فائر بریگیڈ نہ آتی تو اس صورت بہت بڑا نقصان ہونے کا خدشہ تھا کیوں کہ ایک جانب میدانی ایریا میں 500 سے زائد ٹینکروں کو پارک کیا جاتا ہے اور متصل دیوار کے بعد آئل ڈپو موجود ہے ۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیمز، ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کے ٹینکر فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے ۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آگ کے پھیلاؤ اور کسی جانی نقصان سے متعلق معلومات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
