جمعہ, نومبر 28, 2025

بلوچستان کوٹے پر FBR ملازمین کی بھرتی کا معاملہ ہائی کورٹ پہنچ گیا

کراچی : بلوچستان کے کوٹے پر بھرتی ہونے والے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے افسران و ملازمین کے ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کی معلومات چُھپانے کے خلاف شہری عامر بلوچ نے بلوچستان ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے ، جس کی سماعت جمعرات 6 نومبر کو ہو گی ۔

تفصیلات کے مطابق گوادر کے رہائشی معلومات تک رسائی کے قانون کے ایکسٹیویسٹ عامر بلوچ نے رواں سال فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سییکرٹری ایجوکیشن کو درخواست دی ، جس میں انہوں نے بلوچستان کے کوٹے پر بھرتی افسران کی لسٹ ، جائے ڈیوٹی ، مقامی سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل کی معلومات فراہم کرنے کی استدعا آرٹیکل 19 اے کے تحت کی تھیں ۔

جس کے بعد ایف بی آر نے مذکورہ معلومات کو ذاتی معلومات کی نوعیت بتاتے ہوئے معلومات دینے سے انکار کر دیا تھا ۔ بعد ازاں عامر بلوچ نے معلومات تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے قائم شدہ پاکستان انفارمیشن کمیشن سے مئی میں رجوع کیا تھا ۔

بعد ازاں پاکستان انفارمیشن کمیشن نے ایف بی آر کے موقف کو تسلیم کرتے ہوئے مذکورہ معلومات کو ذاتی معلومات کی نوعیت قرار دیتے ہوئے اپیل خارج کر دی تھی ۔ جس کے بعد عامر بلوچ نے بلوچستان ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن کے تحت اس حکم نامے کو چیلنج کیا تھا ۔

بلوچستان ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر درج کاز لسٹ کے مطابق مذکورہ آئینی درخواست نمبر 1754/2025 کی سماعت آئندہ ہفتے 6 نومبر کو ہو گی ۔ جس کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ کرے گا ، جس میں جسٹس شوکت علی رخشانی اور جسٹس محمد ایوب خان ترین شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ شہری عامر بلوچ کی ہی درخواستوں پر مذکورہ بینچ اس کے علاوہ مذید مفاد عامہ کے کیسز کی سماعت کرے گا ۔ عامر بلوچ اس سے قبل پاکستان انفارمیشن کمیشن کے چیف کمشنر شعیب احمد صدیقی اور کمشنر اعجاز حسن اعوان کی تقرری کی قانونی حیثیت کو بھی بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کر چکے ہیں ۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں