منگل, فروری 4, 2025

وفاقی اردو یونیورسٹی: پینشن فنڈز کے ذاتی استعمال اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر تحقیقات کا مطالبہ

وفاقی اردو یونیورسٹی کی کمیٹی برائے ریٹائرڈ اساتذہ و غیر تدریسی ملازمین کے کنوینر، ڈاکٹر توصیف احمد خان نے یونیورسٹی کے پرو چانسلر اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے مطالبہ کیا ہے کہ اردو یونیورسٹی میں پینشن فنڈز کے ذاتی اور غیر قانونی استعمال کی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ چار ماہ سے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کو ماہانہ پینشن ادا نہیں کی، جبکہ بعد از ریٹائرمنٹ بقایاجات بھی ادا نہ کیے جانے کی وجہ سے ملازمین اور ان کے اہل خانہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ڈاکٹر توصیف نے الزام عائد کیا کہ موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے وفاقی محتسب کے احکامات پر دانستہ عمل درآمد نہیں کروایا۔ وفاقی محتسب کی عدالت میں وائس چانسلر نے اعتراف کیا کہ یونیورسٹی کے پاس 50 کروڑ روپے سے زائد اضافی فنڈز موجود ہیں، جنہیں منافع حاصل کرنے کے لیے ایک نجی بینک میں سرمایہ کاری کے طور پر رکھا گیا ہے۔ تاہم، اس فنڈ کے منافع سے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کرنے کے بجائے، یہ رقم دوبارہ سرمایہ کاری کر دی گئی۔

ڈاکٹر توصیف نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی کے جی پی فنڈز کے حوالے سے سنگین بے ضابطگیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یونیورسٹی کے شعبہ حساب کے افسران نے اپنے قریبی تعلقات کی بنیاد پر فنڈز کو مخصوص بینک مینیجر کو فائدہ پہنچانے کے لیے استعمال کیا۔ اس فنڈ کو پہلے حبیب بینک کی بحریہ انکلیو برانچ میں رکھا گیا تھا اور بعد میں اسی بینک مینیجر کے نئی ملازمت پر منتقل ہونے کے بعد بینک الفلاح میں منتقل کر دیا گیا۔ اس پورے عمل کے لیے یونیورسٹی کے کسی فورم یا سنڈیکیٹ کی منظوری نہیں لی گئی۔

ڈاکٹر توصیف نے بتایا کہ فنڈز کی دستیابی اور منافع ہونے کے باوجود یونیورسٹی ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات ادا نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس غیر انسانی رویے کی وجہ سے کئی ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین علاج معالجے کے لیے دربدر ہیں، جبکہ متعدد افراد کی وفات بھی ہو چکی ہے، اور ان کے اہل خانہ شدید مالی مشکلات میں مبتلا ہیں۔

انہوں نے پرو چانسلر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے اپیل کی ہے کہ وہ پینشن فنڈز میں بے ضابطگیوں، منافع کے غیر قانونی استعمال اور ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں اور فوری طور پر کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور ملازمین کا وقت پر پینشن ملنا ان کی بنیادی ضرورت ہے، اور یونیورسٹی کے انتظامی امور میں شفافیت کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں