Home صحت و تعلیم پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے نہم جماعت کے فارم جمع کرانے...

پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے نہم جماعت کے فارم جمع کرانے کے شیڈول اور فیس میں اضافے پر تشویش کا اظہار

3

کراچی: پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن (پسماء) کی جانب سے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے نئے انرولمنٹ اور امتحانی فارم کے شیڈول اور فیسوں میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

پسماء کے نمائندے سید دانش الزماں نے بیان دیا کہ اس سال بورڈ نے نہم جماعت کے انرولمنٹ اور ایگزامینیشن فارم کو بیک وقت جمع کروانے کا شیڈول جاری کیا ہے، جو والدین اور طلبہ کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ ماضی میں انرولمنٹ اور امتحانات کے فارم الگ الگ جمع کروانے کی سہولت فراہم کی جاتی تھی تاکہ والدین کو فیس اور دستاویزات جمع کرنے میں آسانی ہو۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 18 اکتوبر 2024 مقرر کی گئی ہے، بلکہ فیسوں میں بھی بے پناہ اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ زمینی حقائق کے برعکس ہے اور اس سے والدین پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔ پسماء کو اب تک کئی والدین اور اسکول منتظمین کی جانب سے شکایات موصول ہو چکی ہیں۔

سید دانش الزماں نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی، شرف علی شاہ، لاکھوں طلبہ کے بہترین مفاد میں فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ اس مسئلے کا حل نکالا جا سکے اور والدین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

NO COMMENTS