بدھ, اکتوبر 16, 2024

اوجھا انسٹیٹیوٹ آ ف چیسٹ ڈیزیز میں ٹی بی کے مریضوں کے لیے پاکستان کے پہلے پلمونری ٹیوبر کلوسز آئی سی یو کا افتتاح

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ٹی بی کے مریضوں کے لیے پاکستان کے پہلے آئی سی یو کا افتتاح کر دیا گیا جہاں ٹی بی کے مریضوں کے لیے سہولت مفت فراہم کی جائے گی، اوجھا میں اس آئی سی یو کافی الحال چار بیڈ کے ساتھ آغاز کیا گیا ہے اور جلد اس سہولت میں توسیع کی جائے گی ،وائس چانسلرڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر محمد سعید قریشی نے اوجھا انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیز(او آئی سی ڈی )میں تختی کی نقاب کشائی کر کے اور فیتا کاٹ کر آئی سی یو کا رسمی افتتاح کیا، اس موقع پر او آئی سی ڈی کے ڈائریکٹر پروفیسر افتخار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر نیاز سومرو، غلام مرتضیٰ سوہو،ایچ او ڈی انفیکشس ڈیزیز ڈاکٹر منیبہ احسن سید، ایڈیشنل ڈائریکٹر کمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول سندھ ڈاکٹر ثمرین اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول سندھ ڈاکٹر خیر محمد ناریجو، ایڈیشنل ڈائریکٹر کمیونی کیبل ڈیزیز کنٹرول سندھ ڈاکٹر کنول مصطفی ، ڈاکٹر فیصل فیاض زبیری اور دیگر بھی موجود تھے، جائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ اس سے قبل او آئی سی ڈی کی لیب، جس کی حالت اچھی نہ تھی، اب اسے بی ایس ایل(بائیو سیفٹی لیول) تھری یعنی تپ دق کے علاج کی معیاری لیب میں تبدیل کر دیا گیا ہے، وائس چانسلر ڈاؤنے کہا کہ ملک میں ٹی بی کے پہلے آئی سی یوکا افتتاح تپ دق کے علاج کا ایک اور سہولت مرکز ہےجو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے، انہوں نے کہا کہ فی الحال اس آئی سی یو کا آغاز 4 بستروں کی سہولت کے ساتھ کیا گیا ہے اور جلد اس سہولت میں توسیع کی جائے گی ، انہوں نےاس امید کا اظہار کیا کہ یہ سہولت سود مند ثابت ہوگی اور اعاد ہ کیا کہ ہم نہ صرف اس اسپتال میں بلکہ ملک بھر میں ٹی بی کے مریضوں کی صحت کی دیکھ بھال کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، مزید برآں ڈائریکٹر او آئی سی ڈی پروفیسر افتخار احمد نے کہا کہ تپ دق کے مریضوں کے لیے ایک مربوط او پی ڈی کی سہولت قائم کی گئی ہے تاکہ ایک چھت تلے مریضوں کاعلاج کیا جاسکے، پروفیسر افتخار احمد نے کہا کہ او آئی سی ڈی، عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے تپ دق کی روک تھام کے علاج ٹی بی پریوینٹیو ٹریٹمنٹ (ٹی پی ٹی) کی بہتر رسائی پر بھی کام کررہا ہے، اور اب تپ دق کے مریضوں کے لیے جدید سہولیات سے لیس اس آئی سی یو کا قیام بھی مریضوں کو ایک ہی ادارے میں تمام سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے کی کڑی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان بھر میں اس نوعیت کا کوئی آئی سی یو نہیں ہے جوٹی بی کے مریضوں کے لیے ہو ماہرین صحت کے مطابق آئی سی یو ٹی بی کے مریضوں کو داخل کرنے کے بعد وہاں عام مریضوں کو داخل نہیں کیا جا سکتا۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں