جمعہ, نومبر 22, 2024

مسلم دنیا اسرائیل کی معیشت اور اُس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرے : سیمینار اعلامیہ

کراچی : انسانی حقوق کا مغربی پروپیگنڈا اور اُس کا انسانی حقوق کا تصور یک طرفہ اور جانبدارانہ ہے، اُمت مسلمہ اور مسلم حکمران متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت ، اس کے توسیع پسندانہ عزائم، مظلوم فلسطینیوں پر بدترین مظالم اور جنگی جارحیت کے خاتمے کے لئے اپنا کر دار ادا کریں ۔

کلیہ معارفِ اسلامیہ وفاقی اردو یو نیورسٹی، عبدالحق کیمپس کراچی کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی سیمینار ”مسئلہ فلسطین، مسلم اُمہ، عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا کردار“ کے عنوان سے مقررین کا خطاب

مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے مسلم اُمہ کا اتحاد نا گزیر ہے ۔ جس طرح مغربی دنیا اور عالمی طاقتیں اسرائیل کی مکمل حمایت اور پشت پناہی کر رہی ہیں، اس کے لئے ضروری ہے کہ مسلم ممالک کے حکمران متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت، اُس کے توسیع پسندانہ عزائم، مظلوم فلسطینیوں پر بد ترین مظالم اور جنگی جارحیت کے خاتمے کے لئے اپنا کر دار ادا کریں ۔ انسانی حقوق کا مغربی پروپیگنڈا اور اُس کا انسانی حقوق کا تصور یکطرفہ اور جانبدارانہ ہے مو، جودہ حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم دنیا اسرائیل کی معیشت اور اُس کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرے ۔

ان خیالات کا اظہار کلیہ معارف اسلامیہ وفاقی اردو یو نیورسٹی عبد الحق کیمپس، کراچی کے زیر اہتمام ایک روزہ قومی سیمینار مسئلہ فلسطین، مسلم اُمہ،عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا کردار کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی چیئر مین انصار برنی انٹر نیشنل ٹرسٹ اور انسانی حقوق کے معروف سماجی رہنما انصار برنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر جو بد ترین مظالم ڈھا رہا ہے، اُس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے،انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف عمل ہے۔

ان حالات میں اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کے ظلم اور بربریت پر اسرائیل کے خلاف بھر پور اور موثر کاروائی کرے۔صہیوبی مظالم پر عالمی اداروں اور مغربی طاقتوں کی خاموشی حد درجہ قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔

معروف محقق اور یہودیت پر متعدد کتابوں کے مصنف رضی الدین سید نے کہا کہ یہودیت کی پوری تاریخ نسل پرستی، مذہبی تعصب، بد ترین غارت گری اور انتہا پسندی سے عبارت ہے۔ اسرائیل دنیا کا وہ غاصب توسیع پسندانہ ملک ہے جس کی اپنی کوئی سرحد نہیں یہ مستقبل میں عرب دنیا اور مسلم اُمہ کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی نے کہا کہ قرآن و سنت میں یہودیوں کی فطرت اور اُن کے کردار کو واضح طور پر اجاگر کیا گیا ہے، یہودیوں کے مکر و فریب، اُن کے جنگ و جدل کی جو تصویر کشی قرآن و سنت میں کی گئی ہے،اسرائیل آج اُسی تاریخ کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی مسلمانوں پر بد ترین مظالم ڈھا رہا ہے ۔ ان حالات میں اُس کی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی اُس کا ایک حل ہے۔ تاہم جب تک عرب دنیا اور مسلم اُمہ متح دنہیں ہو گی اسرائیل جارحیت اور اُس کے توسیع پسندانہ عزائم کو روکنا آسان نہیں۔

ڈین کلیہ معارف اسلامیہ ڈاکٹر حافظ محمد ثانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں مغرب کو اپنے دوہرے معیار کو ترک کرنا ہوگا،مغرب کی پشت پناہی اور سر پرستی کے بغیر اسرائیل اس قسم اقدامات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ آج فلسطینی مسلمانوں پرجو بد ترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں یہ انسانی حقوق اور جنیو کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وفاقی اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار محمد صدیق نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، اسلامی ریاست میں بلا تفریق مذہب و ملت ہر فرد کو بنیادی انسانی حقوق اور پوری آزادی حاصل ہے لیکن بد قسمتی یہ ہے کہ آج فلسطینی مسلمان اپنے ہی ملک اور اپنی ہی سر زمین پر غاصب اسرائیلی جارحیت اور مظالم کا شکار ہیں ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ ادیان عالم کے چیئر مین ڈاکٹر عبد الماجد نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کی حمایت اور مد د و نصرت پوری دنیا کے مسلمانوں کا اجتماعی فریضہ ہے، جس کے لئے اُن کا اتحاد سب سے بڑی قوت ہے ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر شعبہ اسلامیات پروفیسر محمد صادق بلوچ نے کہا کہ مغربی دنیا اپنے تعصب کے نتیجے میں اسرائیل کے مظالم اور جنگی جارحیت پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے، یہی وجہ ہے کہ اسرائیل مظلوم مسلمانوں پر بد ترین جنگی جارحیت کا ارتکاب کر رہا ہے۔ سیمینار میں انجمن اساتذہ، وفاقی اردو یو نیورسٹی عبد الحق کیمپس کراچی کے مرکزی رہنماؤں صدر انجمن پروفیسر محمد صادق بلوچ، نائب صدرروشن علی سو مرو، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عرفان عزیز، خازن سید شجاع الدین کے علاوہ اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں