فیصل آباد: ای او بی آئی کے ڈائریکٹر ریجنل ہیڈ فیصل آباد نارتھ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کے خلاف رشوت طلبی پر مقدمہ درج، ملزمان چھاپے کے دوران فرار
فیصل آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹیٹیوشن (EOBI) کے ڈائریکٹر/ ریجنل ہیڈ فیصل آباد شیخ نثار احمد اور محمد نوازش علی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کے خلاف رشوت طلب کرنے پر مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی اے کی ایف آئی آر نمبر CC-FSD(ACC)-24/2 کے مطابق شکایت کنندہ شفقت علی صابر ولد محمد رفیق، جو طحہٰ ٹیکسٹائل پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایڈمن منیجر ہیں، نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو درخواست دی کہ EOBI کے دو اعلیٰ افسران نے سرکاری فرائض کی انجام دہی کے لیے ایک لاکھ روپے بطور غیر قانونی معاوضہ طلب کیا۔
شکایت کنندہ کے مطابق اس نے 50 ہزار روپے پہلے ہی ادا کر دیے تھے جبکہ ملزمان بقیہ 50 ہزار روپے کا تقاضا کر رہے تھے۔ شکایت پر قانونی کارروائی کی درخواست کی گئی۔
عدالت سے اجازت ملنے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عارف، سیکشن 30 فیصل آباد کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ کیا گیا۔ 3 جون 2026 کو سہ پہر 1 بجے کے قریب ریڈنگ پارٹی نے ملزمان سے رابطہ کیا اور میاں ہاؤس، گٹ والا پہنچی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر آئے۔ شکایت کنندہ ان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھا۔ اس دوران ریڈنگ پارٹی کے ہیڈ کانسٹیبل نے گاڑی کو روکا تو ملزمان نے گاڑی کو تیز رفتاری اور لاپرواہی سے بھگا دیا۔
بعد ازاں ملزمان نے گٹ والا پارک کے قریب گاڑی روکی، خود کو چھپا لیا اور فرار ہو گئے۔
ایس ایچ او نے جائے وقوعہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عارف کے مطابق بادی النظر میں ملزمان کا عمل جرم کا ارتکاب ظاہر کرتا ہے۔
ایف آئی اے نے ملزمان شیخ نثار احمد، ڈائریکٹر/ ریجنل ہیڈ ای او بی آئی آفس فیصل آباد نارتھ اور محمد نوازش علی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کے خلاف انسداد رشوت ستانی ایکٹ کی دفعہ 5(2)47 اور تعزیرات پاکستان کی دفعات 161 اور 201 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ واقعہ 3 جون 2026 کو پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق ای او بی آئی کی انتظامیہ اس واقعہ کی پردہ پوشی میں مصروف ہے اور تاحال ان دونوں بااثر اور لاڈلے افسران کو معطل نہیں کیا گیا ۔
