Home پاکستان گسٹا انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام، استاد دوست پینل کا...

گسٹا انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام، استاد دوست پینل کا عدالت سے رجوع کا اعلان

گسٹا ضلع کورنگی کے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام سامنے آیا ہے جس کی وجہ سے استاد دوست پینل نے اعلان کیا ہے کہ وہ عدالت سے رجوع کریں گے ۔ 

گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا) ضلع کورنگی کے انتخابات کے سلسلے میں مبینہ بے ضابطگیوں اور انتخابی عمل میں رکاوٹوں کے الزامات سامنے آنے کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے، جبکہ استاد دوست پینل نے معاملہ عدالت میں لے جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

استاد دوست پینل کے رہنماؤں کے مطابق گسٹا ضلع کورنگی کے ضلعی الیکشن چیئرمین ناصر احمد نے مبینہ طور پر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے امیدواران کے کاغذاتِ نامزدگی وصول کرنے سے گریز کیا۔ پینل کا مؤقف ہے کہ ارشد ایوب بھٹی، ساجد علی راجپوت، نوید مشتاق، محمد شعیب قائم خانی، سید راشد علی رضوی، عبد الکریم راجپر، سید الاسلام، لیاقت علی حاجانو، عبد القیوم شر، تنویر حسین اور دیگر امیدوار مقررہ وقت کے دوران نامزدگی فارم جمع کرانے کے لیے مقررہ مقام پر پہنچے، تاہم انہیں مطلوبہ سہولت فراہم نہیں کی گئی۔

پینل کے نمائندگان کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت کے دوران الیکشن آفس بند پایا گیا جبکہ ضلعی الیکشن چیئرمین بھی موقع پر موجود نہیں تھے۔ ان کے مطابق چیئرمین سے مسلسل رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا، جس کے باعث امیدواروں کو اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ امیدواروں اور ان کے حامیوں نے الیکشن آفس کے باہر دو گھنٹے سے زائد وقت تک احتجاج کیا اور اس صورتحال کو انتخابی عمل کی شفافیت کے منافی قرار دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کرنا انتخابی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور کسی بھی امیدوار یا پینل کے ساتھ امتیازی سلوک تنظیمی روایات اور جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔

استاد دوست پینل کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے معاملے سے متعلق شکایات گسٹا کی مرکزی اور ڈویژنل قیادت سمیت متعلقہ فورمز تک پہنچا دی ہیں، تاہم ان کے بقول تاحال کوئی مؤثر ازالہ نہیں کیا گیا۔

پینل کے نمائندگان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے تاکہ انتخابی عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور گسٹا کے آئین و ضابطوں کے مطابق یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب ضلعی الیکشن چیئرمین ناصر احمد یا متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے اس خبر کے اجراء تک کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آ سکا۔ مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ گسٹا کے آئین کی روح انتخابی عمل میں شفافیت، غیر جانبداری اور تمام اہل امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیتی ہے، جبکہ تنظیمی معاملات کو آئین و ضابطوں کے مطابق چلانا ہر انتخابی ذمہ دار کی بنیادی ذمہ داری تصور کیا جاتا ہے۔

NO COMMENTS

Exit mobile version