منگل, مئی 26, 2026

ہری پور میں جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہو گی : ڈی ایف او

ہری پور میں جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی، ٹمبر مافیا اور آگ لگانے والوں پر ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں: محمد عقیل عباسی ۔ڈی ایف او ہری پور

ہری پور (نمائندہ خصوصی) ہری پور میں جنگلات کے تحفظ اور ٹمبر مافیا کے خلاف محکمہ جنگلات نے بڑے پیمانے پر کارروائیوں کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تمام متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو مکمل اختیارات دے دیے ہیں۔ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (DFO) محمد عقیل عباسی نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جنگلات کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی کٹائی، لکڑی کی اسمگلنگ اور جنگلات میں آگ لگانے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ ایسے افراد کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج بھی کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے ناڑہ امازئی، علاقہ تناول، مکھنیال، خانپور اور دیگر جنگلاتی علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کے تمام ایس ڈی ایف اوز، سرکل افسران اور اہلکاروں کو فری ہینڈ دیا گیا ہے تاکہ وہ بلا خوف و دباؤ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں ٹمبر مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور خصوصاً جنگلات کو آگ لگانے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

محمد عقیل عباسی نے کہا کہ مختلف جنگلاتی سرکلز میں محکمہ جنگلات کے اہلکار اور فاریسٹ گارڈز چوبیس گھنٹے گشت پر مامور ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور کسی کو بھی اس قیمتی سرمایہ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جنگلات نہ صرف ماحول کے تحفظ کا ذریعہ ہیں بلکہ ہماری قوم، ملک اور آنے والی نسلوں کی زندگی سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔

ڈی ایف او نے مزید کہا کہ ماضی میں جنگلات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے لیے اب حالات تبدیل ہو چکے ہیں اور ہری پور میں غیر قانونی لکڑی کی کٹائی اور اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی آرا مشینوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں ختم کیا گیا ہے جبکہ جو آرا مشینیں قانونی طور پر کام کر رہی ہیں ان کے مالکان کو بھی قانون کے مطابق پابند کیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی لکڑی کی خرید و فروخت اور چیرائی کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات ہر سال ہری پور کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہم کے تحت ہزاروں پودے لگا رہا ہے جبکہ دیگر سرکاری محکموں اور اداروں کو بھی مفت پودے فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو فروغ دیا جا سکے۔
محمد عقیل عباسی نے واضح کیا کہ محکمہ جنگلات میں افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو ترجیح دی جا رہی ہے اور کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جنگلات کے تحفظ اور ماحول کی بقا کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں